کرا چی( اے بی این نیوز)معروف کاروباری شخصیت عارف حبیب نے پی آئی اے ملازمین کے لیے اہم پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ایئرلائن کو منافع بخش ادارہ بنانا ان کی اولین ترجیح ہے اور ملازمت کا مستقبل براہ راست کارکردگی سے مشروط ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ جو ملازم بہتر کارکردگی دکھائے گا، وہی پی آئی اے کا حصہ رہے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عارف حبیب نے کہا کہ پی آئی اے کے ملازمین کو مکمل تحفظ دیا جائے گا کیونکہ انہی کی محنت کے باعث ماضی میں پی آئی اے دنیا کی کامیاب ایئرلائنز میں شمار ہوتی تھی۔ انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ پی آئی اے کی پرانی ساکھ بحال کی جائے گی۔
عارف حبیب نے واضح کیا کہ معاہدے کے تحت پی آئی اے کا نام تبدیل نہیں کیا جا سکتا اور اصلاحات کا محور نظم و ضبط اور کارکردگی میں بہتری ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں ایک کروڑ 40 لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں جبکہ اوورسیز پاکستانیوں اور ملک میں موجود ان کے اہل خانہ کی تعداد سات کروڑ سے زیادہ بنتی ہے، جو قومی ایئرلائن کے لیے ایک بڑی مارکیٹ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حج اور عمرہ آپریشن میں پی آئی اے کو خصوصی اہمیت حاصل ہے اور کوشش کی جائے گی کہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی پی آئی اے کے ذریعے سفر کریں۔ عارف حبیب کے مطابق قومی ایئرلائن کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر کے ایک بار پھر منافع بخش اور قابلِ اعتماد ادارہ بنایا جائے گا۔
مزید پڑھیں :بلوم برگ نے پاکستان کی معاشی صورتحال پر جائزہ رپورٹ جاری کر دی















