اہم خبریں

عمران خان کے ایکس اکاونٹ پر پابندی سے متعلق درخواست سماعت کیلئے مقرر

لاہور(اے بی این نیوز)بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر پابندی سے متعلق درخواست لاہور ہائی کورٹ میں 21 جنوری کو سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہے۔

یہ درخواست وکیل غلام مرتضیٰ خان کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس پر جسٹس ارباب محمد طاہر سماعت کریں گے۔

رجسٹرار آفس نے کیس کی سماعت کے لیے 21 جنوری کی کاز لسٹ بھی جاری کر دی ہے۔ عدالتی ریکارڈ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی جانب سے تاحال اس درخواست پر جواب جمع نہیں کروایا جا سکا۔

گزشتہ سماعت کے دوران بانی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے پاکستان بار کونسل کے انتخابات کے باعث سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی تھی۔

عدالت کے حکم پر سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ سے متعلق جواب عدالت میں جمع کروایا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاؤنٹ جیل سے آپریٹ نہیں ہو رہا۔

درخواست گزار غلام مرتضیٰ خان کی جانب سے آئندہ سماعت پر بیرسٹر ظفر اللہ عدالت میں پیش ہوں گے۔

مزید پڑھیں۔راولپنڈی میں ڈاکٹرز نے زندہ بچے کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کردیا

متعلقہ خبریں