اہم خبریں

بھارت کے حمایت یافتہ عناصر بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی کوششیں کر رہے ہیں، فیلڈ مارشل

راولپنڈی ( اے بی این نیوز  )آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کا علاقائی امن و استحکام کے لئے عزم غیر متزلزل ہے، پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کی ہر خلاف ورزی کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، مسلح افواج عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لئے مکمل طور پر پرعزم ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 18ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا اور آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، ورکشاپ میں بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی اور پاکستان کے لئے اس کی اسٹریٹجک اہمیت پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان کے عوام کی استقامت، حب الوطنی اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ بلوچستان پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور مستقبل کے لئے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوام دوست اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد صوبے کے عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا اور بلوچستان کے وسیع معاشی وسائل کو عوام کی فلاح کے لئے بروئے کار لانا ہے، آرمی چیف نے سول سوسائٹی کے مثبت اور تعمیری کردار کو بھی اجاگر کیا، خاص طور پر منفی پراپیگنڈے کے توڑ اور پائیدار ترقی کے فروغ میں ان کی کاوشوں کو اہم قرار دیا، سیکیورٹی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ بھارت کے حمایت یافتہ عناصر بلوچستان میں بدامنی پھیلانے اور ترقی کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں، تاہم سیکیورٹی فورسز ان ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لئے پوری طرح پرعزم ہیں اور صوبے سے دہشت گردی و بدامنی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

انہوں نے پاکستان کی علاقائی امن و استحکام سے وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان کی علاقائی سالمیت کی کسی بھی قسم کی خلاف ورزی، چاہے وہ براہِ راست ہو یا بالواسطہ، کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، پاکستان کی مسلح افواج عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر دم تیار ہیں، نشست کے اختتام پر شرکاء کے ساتھ جامع سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان کی ترقی اور سیکیورٹی سے متعلق مختلف سوالات کے جوابات دیئے،،

مزید پڑھیں  :عازمینِ حج کی تربیت،شیڈول جاری،جا نئے کب سے آغاز ہو گا

متعلقہ خبریں