ریاض ( اے بی این نیوز ) سعودی عرب کی کابینہ نے قومی سلامتی کے معاملے پر واضح اور سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مملکت کے تحفظ کیلئے کسی بھی ضروری اقدام سے پیچھے نہیں ہٹا جائے گا۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت کابینہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران یمن کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ وہاں بلاجواز کشیدگی متحدہ عرب امارات کے سابق وعدوں سے مطابقت نہیں رکھتی۔
سعودی کابینہ نے اس امید کا اظہار کیا کہ متحدہ عرب امارات دانشمندی اور برادرانہ اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کسی بھی یمنی گروہ کو فوجی یا مالی معاونت فراہم نہیں کرے گا، تاکہ خطے میں امن اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس میں ایک اور اہم پیش رفت کے طور پر سعودی کابینہ نے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کے اسرائیلی اعلان کو مسترد کر دیا۔ سعودی قیادت کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات علاقائی امن، خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کے منافی ہیں۔سعودی کابینہ نے اعادہ کیا کہ مملکت اپنی قومی سلامتی، علاقائی استحکام اور عرب دنیا کے مفادات کے تحفظ کیلئے ہر ممکن قدم اٹھانے کیلئے پرعزم ہے۔
مزید پڑھیں :ہوم ورک مکمل کر لیا، سہیل آفریدی کو اسلام آباد تک کوئی نہیں پہنچنےدے گا،رانا ثنا اللہ















