اہم خبریں

ہوم ورک مکمل کر لیا، سہیل آفریدی کو اسلام آباد تک کوئی نہیں پہنچنےدے گا،رانا ثنا اللہ

اسلام آباد ( اے بی این نیوز   ) رانا ثنا اللہ نے تحریک انصاف کی سیاسی حکمتِ عملی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست ہمیشہ مذاکرات کی میز پر ہوتی ہے، سڑکوں پر احتجاج سے مسائل حل نہیں ہوتے۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی دراصل سٹریٹ موومنٹ میں دلچسپی رکھتے ہیں اور مذاکرات نہیں چاہتے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ماضی میں ہم سے ہاتھ ملانا بھی گوارا نہیں کرتے تھے، اس لیے یہ کہنا مشکل ہے کہ وہ سنجیدہ مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ ان کے مطابق تحریک انصاف سب کچھ کرنا چاہتی ہے لیکن اس میں عملی صلاحیت نظر نہیں آتی، اسی وجہ سے وہ اپنے اہداف حاصل نہیں کر پا رہی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف سٹریٹ موومنٹ چلانے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے، تاہم حکومت نے اس حوالے سے اپنا ہوم ورک مکمل کر لیا ہے جبکہ پی ٹی آئی ابھی اپنی تیاریوں میں مصروف ہے۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی جانب سے جیسا ایکشن ہوگا، حکومت کی طرف سے ویسا ہی ری ایکشن دیا جائے گا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سہیل آفریدی کو اسلام آباد تک کوئی نہیں پہنچنے دیا جا ئیگا، اور ممکن ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے لیے پشاور سے نکلنا بھی مشکل ہو جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف نے ملاقات کے دن کو باقاعدہ سیاسی ایونٹ بنا دیا ہے، جبکہ بانی پی ٹی آئی کی بہنیں ملاقات کے بجائے دھرنے کے لیے جاتی ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس مصدقہ اطلاعات ہیں کہ بانی تحریک انصاف مذاکرات کے لیے آمادہ نہیں ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی نے محمود خان اچکزئی کو مذاکرات کا اختیار نہیں دیا اور نہ ہی مستقبل میں دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

رانا ثنا اللہ نے واضح کیا کہ اگر تحریک انصاف واقعی مذاکرات چاہتی ہے تو پہلے احتجاج کی سیاست ترک کرنا ہوگی۔ ان کے مطابق اگر پی ٹی آئی 8 فروری کی احتجاجی کال واپس لے لیتی ہے تو حکومت بات چیت کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کا دروازہ بند نہیں، مگر شرط یہ ہے کہ سیاست کو سڑکوں کے بجائے مذاکرات کی میز پر لایا جائے۔

مزید پڑھیں :مریم نواز کے پی آئیں تو سیکیورٹی اور گراؤنڈ دیا جائے گا،شفیع جان

متعلقہ خبریں