اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور دونوں فریقین کے درمیان غیر مستقیم رابطے قائم ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق بانی پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے قومی اسمبلی کے نامزد اپوزیشن لیڈر اور تحفظ آئین پاکستان تحریک کے سربراہ محمود خان اچکزئی تک مشترکہ دوست کے ذریعے وفاقی وزیر کا پیغام پہنچایا گیا ہے۔
پیغام میں کہا گیا کہ حکومت اپنے اتحادیوں کے ساتھ مشاورت کر رہی ہے اور اس عمل کے مکمل ہونے کے بعد اپوزیشن سے باقاعدہ مذاکرات شروع کیے جائیں گے۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن لیڈر کے نوٹیفکیشن کے سلسلے میں محمود خان اچکزئی سے رابطہ کیا ہے اور سینئر سیاستدان کی جانب سے آج مطلوبہ دستاویزات فراہم کر دی جائیں گی، جس کے بعد انہیں اپوزیشن لیڈر کے طور پر باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری ہونے کا امکان ہے۔
پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی مشاورت سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت مذاکرات میں سنجیدہ ہے۔ یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ دنوں اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دی تھی، جس کے بعد سیاسی حلقوں میں توقعات بڑھ گئی ہیں کہ آئندہ دنوں میں پارلیمانی امور میں اہم پیش رفت ممکن ہے۔
مزید پڑھیں :ہڑتال اور تالہ بندی پر پابندی















