اسلام آباد(اے بی این نیوز) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ حکومت مذاکرات کے لیے تیار ہے، تاہم پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) بات چیت کے بجائے گالم گلوچ کا راستہ اختیار کر رہی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے تین سے چار مرتبہ پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش کی، لیکن پی ٹی آئی نے ہر بار بات چیت سے انکار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار سب سے زیادہ عارضی چیز ہے اور مسائل کا حل صرف مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ہم آج بھی مذاکرات کے لیے تیار ہیں، مگر پی ٹی آئی کی جانب سے صرف گالیاں دی جا رہی ہیں۔
اداروں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ سابق ڈی جی آئی ایس آئی کا احتساب کیا گیا، اور اپنے ادارے کے اندر احتساب کا عمل شروع کرنے کا کریڈٹ موجودہ فوجی قیادت کو جاتا ہے۔
مزید پڑھیں۔ملک گیر مظاہرے پھوٹ پڑے، مرکزی بینک کے سربراہ مستعفی















