اہم خبریں

سابق وزیرِاعظم کی حالت تشویشناک

ڈھاکہ (اے بی این نیوز    )بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی چیئرپرسن اور سابق وزیرِاعظم خالدہ ضیا کی صحت مزید بگڑ گئی ہے، جس کے باعث ان کی حالت کو تشویشناک قرار دیا جا رہا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق خالدہ ضیا مختلف عارضوں میں مبتلا ہیں اور حالیہ دنوں میں ان کی طبی کیفیت میں مزید پیچیدگیاں پیدا ہوئی ہیں۔بی این پی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ خالدہ ضیا طویل عرصے سے زیرِ علاج ہیں اور ڈاکٹروں کی ایک خصوصی ٹیم مسلسل ان کی نگرانی کر رہی ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق عمر اور پہلے سے موجود بیماریوں کے باعث علاج ایک نازک مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ پارٹی قیادت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر بہتر طبی سہولیات فوری طور پر میسر نہ آئیں تو صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب بی این پی کی جانب سے حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ خالدہ ضیا کو اعلیٰ سطح کا علاج فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں، جبکہ بیرونِ ملک علاج کے آپشن پر بھی غور کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ بنگلادیشی میڈیا کے مطابق وہ ڈھاکہ کے ایور کیئر اسپتال کے کریٹیکل کیئر یونٹ میں زیرِ علاج ہیں، جہاں ماہر ڈاکٹروں کا میڈیکل بورڈ ان کی نگرانی کر رہا ہے۔ میڈیکل بورڈ کے ارکان نے بتایا کہ خالدہ ضیاء کی حالت نہایت نازک ہے اور انہیں لائف سپورٹ پر رکھا گیا ہے۔ میڈیکل بورڈ کے رکن ڈاکٹر ضیاء الحق کے مطابق انہیں باقاعدگی سے ڈائلیسز دیا جا رہا ہے، تاہم جب بھی ڈائلیسز روکا جاتا ہے تو ان کی طبی حالت فوری طور پر خراب ہو جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمر رسیدگی اور متعدد دائمی بیماریوں کے باعث بیک وقت تمام علاج ممکن نہیں رہا۔

میڈیکل بورڈ کے ایک اور رکن ڈاکٹر ظفر اقبال نے بتایا کہ خالدہ ضیاء کو شدید علیل قرار دیا جا سکتا ہے اور قوم سے ان کی صحتیابی کے لیے دعا کی اپیل کی گئی ہے۔ ان کے مطابق مزید طبی ٹیسٹ تجویز کیے گئے ہیں جن کی رپورٹس آنے کے بعد آئندہ کے فیصلے کیے جائیں گے، جبکہ وہ بدستور سی سی یو میں زیرِ علاج رہیں گی۔میڈیکل ٹیم کے ایک اور معالج نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ڈاکٹر اپنی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں، تاہم اب صورتحال انتہائی نازک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ ان کے مطابق خالدہ ضیاء کی پرانی بیماریاں اس عمر میں دوبارہ شدت اختیار کر گئی ہیں اور ماضی میں بعض مسائل کا مکمل علاج نہ ہو سکنے کے باعث اب پیچیدگیاں بڑھ گئی ہیں۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کی حالت میں کبھی معمولی بہتری اور کبھی بگاڑ دیکھنے میں آ رہا ہے، اسی لیے انہیں مسلسل نگرانی میں رکھا گیا ہے اور روزانہ بنیادوں پر نئے طبی معائنے اور ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔واضح رہے کہ 80 سالہ خالدہ ضیاء ایک ماہ سے زائد عرصے سے ایور کیئر اسپتال کے سی سی یو میں زیرِ علاج ہیں۔ وہ طویل عرصے سے گٹھیا، ذیابیطس، گردوں، جگر، پھیپھڑوں، دل اور آنکھوں سمیت متعدد بیماریوں میں مبتلا ہیں۔ حالیہ دنوں میں سانس لینے میں دشواری، کھانسی، بخار اور شدید کمزوری کے باعث 23 نومبر کو انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جبکہ طبی حالت مزید خراب ہونے پر 27 نومبر کو سی سی یو میں داخل کیا گیا۔ان کے علاج کے لیے مقامی اور غیر ملکی ماہرین پر مشتمل 30 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا ہے، جو روزانہ اجلاس کر کے علاج میں ضروری تبدیلیاں کر رہا ہے۔

مزید پڑھیں  :بلدیاتی انتخابات،پی ٹی آئی کا بڑا فیصلہ،جا نئے کیا

متعلقہ خبریں