کراچی(اے بی این نیوز)سوشل میڈیا پر مختلف موبائل فونز کا کاروبار کرنے والے بیوپاریوں کی جانب سے ویڈیوز سامنے آتی رہتی ہیں جس میں صارفین کو مہنگے آئی فون اور سام سنگ جیسے برانڈز کے لاکھوں روپے والے موبائل فونز کو چند ہزار روپے میں بتایا جاتا ہے۔
ویڈیوز میں نظر آنے والے موبائل فونز بظاہر اصل دکھائی دیتے ہیں لیکن ان کے اصل کا یقین اس لیے نہیں آتا کیوں کہ ان کی قیمت اصل قیمت کے 10 فیصد بھی نہیں ہوتی۔
ان موبائل فونز کی اصل مارکیٹ کراچی کی شیر شاہ کباڑی مارکیٹ ہے، جہاں کی ویڈیوز بڑی تعداد میں سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں، شیرشاہ کباڑی مارکیٹ میں اس کاروبار کی کئی دکانیں موجود ہیں۔
شیرشاہ کباڑی مارکیٹ میں عیسیٰ خان اسی کاروبار سے منسلک ہیں اور ان کا کہنا تھا کہ یہ ممکن نہیں کہ 3 سے 4 لاکھ روپے کا موبائل فون 30 ہزار روپے میں ملے۔ 30 ہزار میں ملنے والا فون اصل نہیں بلکہ کاپی ہوتی ہے، اور یہ موبائل فونز پاکستان میں ہی بنتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ شکل و صورت میں تو اصل کی طرح ہوتے ہیں لیکن اندر سے کچھ اور ہوتے ہیں۔
اسی مارکیٹ میں استعمال شدہ لیپ ٹاپس بھی کم قیمت پر بیچے جاتے ہیں۔ ان لیپ ٹاپس کے بارے میں شیر احمد کا کہنا ہے کہ یہ امپورٹڈ لیپ ٹاپ ہوتے ہیں جو کم قیمت پر دستیاب ہوتے ہیں۔ ’یہ باہر سے آنے والے اچھے لیپ ٹاپ ہوتے ہیں جن کی ڈبہ پیک قیمت بہت زیادہ ہوتی ہے لیکن یہاں یہ کم قیمت پر مل جاتے ہیں۔‘
مزید پڑھیں۔شادیاں میرج ہالز کی بجائے گھروں میں ہونگی، پابندیوں نے سب کو حیران کردیا















