لاہور(اے بی این نیوز) پنجاب حکومت نے طلبہ کی حفاظت کے لیے صوبے بھر میں خطرناک اور ناقابلِ استعمال اسکول عمارتوں کی نشاندہی اورانہدام کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ خستہ حال اسکول عمارتوں کو فوری طور پر خالی کرایا جائے جہاں تعلیمی سرگرمیاں بچوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں، غیرمحفوظ ڈھانچوں کی نشاندہی سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) کے تحت پہلے ہی مکمل کی جا چکی ہے۔
صوبائی حکومت نے ڈپٹی کمشنرز اور چیف ایگزیکٹو افسران (تعلیم) کو کسی بھی جانی نقصان سے بچاؤ کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے تمام متعلقہ حکام کو الرٹس جاری کر دیے ہیں اور جن عمارتوں کو غیر محفوظ قرار دیا گیا ہے وہاں کلاسز معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔
حکام کو اسکول سیفٹی آڈٹ رپورٹ پر سختی سے عمل درآمد کی بھی ہدایت دی گئی ہے، حکومت نے خبردار کیا ہے کہ ہدایات پر عمل نہ کرنے والے غفلت برتنے والے افسران کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
مزید پڑھیں۔نامور نعت خواں الحاج عبدالرزاق جامی کی قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف سے جاتی امراء میں ملاقات















