اہم خبریں

این سی سی آئی اے کی بڑی کارروائی، 15 غیر ملکی اور 19 شہری گرفتار

کراچی (اے بی این نیوز) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے آن لائن سرمایہ کاری کا وعدہ کر کے شہریوں کو لوٹنے والے منظم گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 15 غیر ملکی اور 19 پاکستانی شہریوں کو گرفتار کر لیا۔

سندھ کے وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کے بڑے آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر ایک منظم آن لائن فراڈ گروپ کے خلاف کامیاب کارروائی کی گئی ہے۔

پریس کانفرنس میں این سی سی آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر طارق نواز بھی وزیر داخلہ کے ساتھ موجود تھے۔

سندھ کے وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ ملزمان شہریوں کو بڑے منافع کا لالچ دیتے تھے، انہیں جعلی لاگ ان دکھاتے تھے اور حقیقی سرمایہ کاری پورٹل کی یقین دہانی کراتے تھے، جب کہ جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے منافع ظاہر کیا جاتا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی گیٹ وے ایکسچینج، 6 غیر قانونی گیٹ ویز، 10 ہزار سے زائد موبائل سمز، ہزاروں انٹرنیشنل سمز، 37 کمپیوٹرز اور 40 موبائل فون برآمد ہوئے ہیں۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے طارق نواز کے مطابق گرفتاریاں ڈی ایچ اے فیز ون اور فیز سکس سے کی گئیں جب کہ تحقیقاتی ٹیم تکنیکی بنیادوں پر مزید شواہد اکٹھے کر رہی ہے۔

وزیر داخلہ سندھ نے این سی سی آئی اے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات عوام کو آن لائن فراڈ سے بچانے کے لیے جاری رکھیں گے۔
مزید پڑھیں‌:سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی، 2 فتنہ الخوارج ہلاک

متعلقہ خبریں