ڈیرہ اسماعیل خان (اے بی این نیوز) سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی میں2 فتنہ الخوارج مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 24 دسمبر کو سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس پر مبنی یہ آپریشن فتنہ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، جس میں سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔ آپریشن کے دوران 2 فتنہ الخوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والا خوارج دلاور دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث اور مطلوب تھا۔ حکومت نے خوارج دلاور کے سر کی قیمت 40 لاکھ روپے مقرر کی تھی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ یہ عناصر سیکورٹی فورسز کے خلاف مختلف دہشت گردانہ کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں سرگرم رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کسی بھی دوسرے بھارتی سرپرستی میں خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سیکورٹی فورسز استحکام کے عہد کے تحت دہشت گردی کے خلاف اپنی مہم پورے عزم کے ساتھ جاری رکھیں گی۔
مزید پڑھیں:انگلینڈ کی ٹیم کو دھچکا، فاسٹ بولر ایشز سیریز سے باہر















