اہم خبریں

ایمان، اتحاد، تنظیم کے علمبردار قائداعظم کو قوم کا سلام، بانی پاکستان کا یوم پیدائش آج منایا جارہا ہے، ملک بھر میں عام تعطیل

کراچی(اے بی این نیوز) بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کا 149 واں یوم پیدائش آج انتہائی عقیدت و احترام اور ملی جوش و خروش سے منایا جارہا ہے۔ آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔

بانی پاکستان کے یوم پیدائش کے موقع پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب جاری ہے۔ میجر جنرل افتخار حسین چوہدری(ہلال امتیاز) تقریب کے مہمان خصوصی ہیں، پاک فوج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے مزار قائد پر سلامی دی گئی۔

آج دن بھر سرکاری اور غیر سرکاری سطح پر تقاریب منعقد ہوں گی جس میں بابائے قوم کی مسلمانان ہند اور پاکستان کے قیام کیلئے کی جانے والی انتھک اور ناقابل فراموش خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔

قائد اعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے تھے، وہ پیشے کے اعتبار سے وکیل اور ایک سیاست دان تھے۔

انہوں نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے ایک آزاد ریاست کا خواب حقیقت میں بدلا۔ ایمان، اتحاد، اور تنظیم پر مبنی اصول قائد کی زندگی کا نچوڑ ہیں۔ بابائےقوم نے اپنے کردار اور عمل سے پوری دنیا کو دکھایا کہ ایک سچی اور دیانت دار قیادت کیا کر سکتی ہے۔

نہرو،پٹیل اورگاندھی جیسے سیاستدانوں کے ہوتے ہوئے قائداعظم نے قوم کو پاکستان کی منزل سے ہمکنار کیا۔ قائداعظم کا خواب ایک ایسا پاکستان تھا جہاں ہر فرد کو مساوی حقوق اور آزادی حاصل ہو۔

قائداعظم محمدعلی جناح دنیا کی چند ان شخصیات میں شامل ہیں جنہوں نے تاریخ کا دھارا موڑ دیا اور دو قومی نظریے کی بنیاد پر مسلمانوں کو علیحدہ وطن دلایا۔ مسلمانوں پر ان کا یہ عظیم احسان کبھی نہیں بھلایا جاسکتا۔

بابائے قوم کو خراج عقیدت
وزیراعظم شہبازشریف نے قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کیا، انہوں نے بابائے قوم کے یوم پیدائش پر اپنےپیغام میں کہا کہ قائداعظم نے بلاتفریق رنگ ونسل، مذہبی ہم آہنگی، معاشرتی رواداری اور انصاف جیسےرہنما اصولوں کا درس دیا۔

افواج پاکستان، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈمارشل عاصم منیر نے بھی بابائے قوم کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

افواج پاکستان نے قائدِ اعظم کے مضبوط، خودمختار، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن سے اپنی غیر متزلزل وابستگی اور قومی استحکام، امن اور ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید پڑھیں۔اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان نے حکومت کی مذاکرات کی پیشکش قبول کرلی

متعلقہ خبریں