اسلام آباد ( اے بی این نیوز ) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی (IIUI) کے احاطے میں تیندوے کی موجودگی سے شدید خوف و ہراس پھیل گیا، جس کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے ہنگامی اقدامات کرتے ہوئے تمام یونٹس فوری طور پر بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق تیندوا یونیورسٹی کے احاطے میں جھاڑیوں کے قریب دیکھا گیا، جس کی اطلاع ملتے ہی طالبات اور عملے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ اور پولیس کو فوری طور پر طلب کر لیا گیا، جبکہ کیمپس کے داخلی اور خارجی راستوں پر نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طلبہ و طالبات اور عملے کی حفاظت اولین ترجیح ہے، اسی لیے تیندوے کے قابو میں آنے تک یونیورسٹی کے تمام تعلیمی اور انتظامی یونٹس بند رہیں گے۔ انتظامیہ نے طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ کیمپس آنے سے گریز کریں اور سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔
وائلڈ لائف حکام نے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور تیندوے کو محفوظ طریقے سے پکڑنے کے لیے خصوصی ٹیمیں متحرک کر دی گئی ہیں۔ پولیس کی جانب سے بھی علاقے میں اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔















