لاہور ( اے بی این نیوز )لاہور: رشوت لینے کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ایف آئی اے سینٹرل کورٹ نے ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے چودھری سرفراز کی ضمانت خارج کر دی، جبکہ اسی کیس میں نامزد دو دیگر افسران کی ضمانتیں منظور کر لی گئیں۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سینٹرل کورٹ کے جج کے روبرو این سی سی آئی اے کے افسران کے خلاف رشوت ستانی کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ڈپٹی ڈائریکٹر زاور اور ڈپٹی ڈائریکٹر عثمان کی ضمانت منظور کرلی، جن کی جانب سے ایڈووکیٹ فاروق باجوہ عدالت میں پیش ہوئے۔ دوسری جانب ایڈیشنل ڈائریکٹر چودھری سرفراز کی نمائندگی ایڈووکیٹ میاں علی اشفاق نے کی۔
دورانِ سماعت ایڈیشنل ڈائریکٹر کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ایف آئی اے ملزمان کے خلاف رشوت لینے کے ٹھوس شواہد پیش کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقدمہ 90 لاکھ روپے سے متعلق تھا، جبکہ ریکوری 4 کروڑ روپے سے زائد ظاہر کی گئی، اور تاحال کوئی متاثرہ شخص بھی سامنے نہیں آیا۔دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے چودھری سرفراز کی ضمانت خارج کرتے ہوئے انہیں مزید قانونی ریلیف دینے سے انکار کر دیا، جبکہ دیگر دو افسران کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا گیا۔واضح رہے کہ ایف آئی اے نے این سی سی آئی اے کے ان افسران کے خلاف رشوت لینے کے الزامات پر مقدمہ درج کر رکھا ہے، جس کی تحقیقات تاحال جاری ہیں۔
مزید پڑھیں :معروف کر کٹر کی دوسری شاد ی، جا نئے کس سے کی















