اسلام آباد (اے بی این نیوز )وفاقی دارالحکومت میں بدھ کے روز اس وقت تجسس کی فضا پیدا ہوگئی جب شہر کے مختلف علاقوں میں پاک فضائیہ کے جدید جنگی طیارے فضا میں بلند پروازیں کرتے نظر آئے۔ دن بھر ایف-16 طیاروں کی گرج دار آوازیں سنائی دیتی رہیں، جس پر شہریوں نے سوشل میڈیا پر ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرتے ہوئے مختلف قیاس آرائیاں شروع کر دیں۔
ذرائع کے مطابق یہ پروازیں کسی ہنگامی یا سیکیورٹی صورتحال کا حصہ نہیں بلکہ متحدہ عرب امارات کے صدر کے سرکاری دورۂ پاکستان کے موقع پر ہونے والے فلائی پاسٹ کی ریہرسل ہیں۔ پاک فضائیہ کی جانب سے یہ مشقیں مہمانِ خصوصی کے استقبال کے لیے طے شدہ پروٹوکول کے تحت کی جا رہی ہیں۔
حکام نے وضاحت کی ہے کہ ایف-16 طیاروں کی یہ پروازیں مکمل طور پر تربیتی اور رسمی نوعیت کی ہیں، جن کا عوامی سلامتی یا کسی ممکنہ خطرے سے کوئی تعلق نہیں۔ اعلیٰ سطحی غیر ملکی شخصیات کی آمد سے قبل اس طرح کی فضائی مشقیں معمول کا حصہ سمجھی جاتی ہیں تاکہ تقریب کے دوران کسی تکنیکی یا انتظامی خلل سے بچا جا سکے۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر توجہ نہ دیں اور صورتحال کو معمول کے مطابق لیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں سیکیورٹی انتظامات مکمل طور پر کنٹرول میں ہیں اور کسی بھی قسم کی تشویش کی ضرورت نہیں۔
مزید پڑھیں :4 سال بعد بڑا تعلیمی فیصلہ















