اسلام آباد( اے بی این نیوز )ضلعی انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت میں 26 دسمبر 2025 بروز جمعہ کو مقامی تعطیل کا اعلان کر دیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کی منظوری سے کیا گیا۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 26 دسمبر کو اسلام آباد کی ریونیو حدود میں تمام سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔ تاہم، عوامی سہولت اور شہریوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اہم اور لازمی خدمات فراہم کرنے والے ادارے اس تعطیل سے مستثنیٰ ہوں گے۔
تعطیل کے باوجود جن محکموں میں معمول کے مطابق کام جاری رہے گا، ان میں میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (MCI)، کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (CDA)، آئی سی ٹی ایڈمنسٹریشن، اسلام آباد پولیس، آئیسکو، سوئی نادرن گیس پائپ لائنز اور تمام سرکاری و نجی اسپتال شامل ہیں۔ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کو بجلی، گیس، پانی، صحت اور سیکیورٹی جیسی بنیادی سہولیات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اس مقامی تعطیل کا اطلاق صرف اسلام آباد کی حدود تک محدود ہوگا، جبکہ دیگر شہروں اور صوبوں میں معمول کے مطابق دفاتر اور تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے۔
مزید پڑھیں :حکومت ،پی ٹی آئی مذاکرات، مرکز اڈیالہ جیل یا کوٹ لکھپت،نیا تنازعہ کھڑا ہو گیا















