اہم خبریں

روس کا یوکرین پر بڑا حملہ، کئی یوکرینی شہر تاریکی میں ڈوب گئے

روس(اے بی این نیوز)یوکرین میں روس کے حالیہ بڑے ڈرون اور میزائل حملوں کے نتیجے میں ملک بھر میں شدید بجلی کا بحران پیدا ہو گیا ہے۔ یوکرینی وزارتِ توانائی کے مطابق متعدد علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر بجلی کی فراہمی معطل کر دی گئی ہے، جس سے شہری زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔

یوکرینی صدر ولودومیر زیلنسکی نے کہا کہ روسی حملوں کا بنیادی ہدف توانائی کا شعبہ ہے، کیونکہ دشمن کا مقصد ملک میں مکمل بلیک آؤٹ کے ذریعے سماجی عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔ ان کے مطابق حالیہ حملوں میں ہائی وولٹیج سب اسٹیشنز اور اہم ٹرانسمیشن لائنز کو نشانہ بنایا گیا، جس سے مختلف صوبوں کے درمیان بجلی کی ترسیل متاثر ہوئی ۔ یوکرینی وزارتِ توانائی نے بتایا کہ جب تک سکیورٹی صورتحال بہتر نہیں ہوتی، مرمتی کام شروع کرنا ممکن نہیں۔ تاہم حالات اجازت دیتے ہی انجینئرز اور ریسکیو ٹیمیں متاثرہ تنصیبات کی بحالی کے لیے کام شروع کریں گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کی فراہمی بتدریج بحال کی جائے گی، لیکن بڑے شہروں میں صورتحال اب بھی نازک ہے کیونکہ انحصار بڑے پاور پلانٹس اور ہائی وولٹیج لائنز پر ہے ۔ یوکرین کے نائب وزیر توانائی مائیکولا کولیسنک نے کہا کہ توانائی اب باقاعدہ ایک جنگی محاذ بن چکی ہے۔ ان کے مطابق حالیہ حملوں کا تقریباً 80 فیصد حصہ جان بوجھ کر توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر کیا گیا، جس سے واضح ہوتا ہے کہ روس بجلی کے نظام کو مفلوج کرنا چاہتا ہے ۔

صدر زیلنسکی نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ یوکرین کو فضائی دفاعی نظام، توانائی کا متبادل سازوسامان اور مرمتی صلاحیت فراہم کی جائے تاکہ بجلی کے بحران پر قابو پایا جا سکے اور شہریوں کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے ۔

مزید پڑھیں۔کراچی بار انتخابات تنازع پر چیف الیکشن کمشنر مستعفی

متعلقہ خبریں