اہم خبریں

چیٹ جی پی ٹی کا نیا فیچر صارفین کو کون سی سہولت فراہم کرے گا؟

امریکہ(اے بی این نیوز)اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی کے لیے نیا فیچر ’Your Year With ChatGPT‘ متعارف کرایا ہے، جو صارفین کو ان کے سال بھر کے تعاملات کا ذاتی نوعیت کا جائزہ فراہم کرتا ہے۔ یہ فیچر اسپاٹیفائی کے Wrapped فیچر سے متاثر ہے اور صارفین کے چیٹ پیٹرنز اور بات چیت کے مرکزی موضوعات کو اجاگر کرتا ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ فیچر تمام چیٹ جی پی ٹی صارفین کے لیے دستیاب ہوگا، چاہے وہ فری، پلس یا پرو سبسکرپشن استعمال کر رہے ہوں تاہم فی الحال یہ صرف منتخب مارکیٹس اور انگریزی زبان میں دستیاب ہے۔

فیچر کی خصوصیات میں سال بھر میں چیٹ جی پی ٹی کے ساتھ ہونے والی بات چیت کے عمومی موضوعات اور صارفین کے اکثر پوچھے گئے سوالات کی تفصیل فراہم کرنا ہے۔ یہ صارفین کی سرگرمی کی بنیاد پر منفرد اور دلچسپ اعزازات دیتا ہے اور استعمال کے اعداد و شمار اور چیٹ ہسٹری کے تجزیے کے ذریعے ذاتی نوعیت کا خلاصہ پیش کرتا ہے۔

اوپن اے آئی نے بتایا ہے کہ اس فیچر کے استعمال کے لیے صارفین کو Reference Saved Memory اور Reference Chat History فیچرز فعال کرنے ہوں گے۔ اگر صارف کی سرگرمی محدود ہو تو صرف بنیادی اعداد و شمار دکھائے جائیں گے۔ صارفین کو اینڈرائیڈ یا iOS ایپ کا تازہ ترین ورژن استعمال کرنا بھی ضروری ہے۔

فیچر خود بخود چیٹ جی پی ٹی ایپ کے ہوم پیج پر بینر کی صورت میں ظاہر ہوگا جبکہ صارفین + آئیکن کے ذریعے Your Year With ChatGPT منتخب کر کے بھی سال کا خلاصہ دیکھ سکتے ہیں۔ یہ خلاصہ کارڈ نما فارمیٹ میں پیش کیا جائے گا اور سوشل میڈیا پر شیئر بھی کیا جا سکتا ہے۔

فی الحال یہ فیچر آسٹریلیا، کینیڈا، نیوزی لینڈ، برطانیہ، اور امریکہ میں دستیاب ہے تاہم رپورٹ کے مطابق بھارت میں بھی یہ فیچر فعال ہے۔

مزید پڑھیں۔البانیا میں کرپشن کے الزامات پر حکومت مخالف مظاہرے پھوٹ پڑے،وزیراعظم سے استعفےکامطالبہ

متعلقہ خبریں