اہم خبریں

سنگاپور: چرچ میں جعلی بم رکھنے کے الزام میں بھارتی نژاد شہری گرفتار

بھارت(اے بی این نیوز)سنگاپور میں بھارتی نژاد ایک 26 سالہ شہری کو چرچ میں جعلی بم رکھ کر دہشتگردی کی جھوٹی دھمکی دینے کے الزام میں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے، بھارتی نژاد شہری کی اس حرکت کے بعد چرچ کی تمام عبادات منسوخ کر دی گئیں۔

چینل نیوز ایشیا کے مطابق کوکولاننتھن موہن نامی شخص پر اقوامِ متحدہ کے انسدادِ دہشتگردی ضوابط کے تحت الزام عائد کیا گیا ہے۔

یہ واقعہ اتوار کے روز سنگاپور کے اپر بُکت تیمہ علاقے میں واقع سینٹ جوزف چرچ میں پیش آیا، جو ایک مہنگا رہائشی علاقہ بھی شمار ہوتا ہے۔

چارج شیٹ کے مطابق ملزم پر الزام ہے کہ اس نے صبح تقریباً 7 بج کر 11 منٹ پر چرچ کے احاطے میں 3 گتے کے رول رکھے، جن کے اندر کنکریاں بھری ہوئی تھیں جبکہ ان سے سرخ رنگ کی تاریں باہر نکلی ہوئی تھیں اور انہیں سیاہ اور پیلے رنگ کے ٹیپ سے باندھا گیا تھا، جس سے وہ ایک دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) جیسے دکھائی دیتے تھے۔

پولیس کے مطابق یہ اقدام اس نیت سے کیا گیا تاکہ لوگوں کو یہ غلط تاثر دیا جا سکے کہ یہ چیز پھٹ سکتی ہے یا آگ لگا سکتی ہے، جس سے جانی یا مالی نقصان ہو سکتا ہے۔

سنگاپور پولیس فورس نے بیان میں کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملزم نے خود یہ جعلی ’بم‘ تیار کر کے چرچ میں رکھا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے اکیلے ہی یہ کارروائی کی اور تاحال اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ یہ مذہبی بنیاد پر کیا گیا حملہ یا دہشتگردی کی کارروائی تھی۔

عدالت نے ملزم کو 3 ہفتوں کے لیے نفسیاتی معائنے کی غرض سے ریمانڈ پر بھیج دیا ہے اور وہ 12 جنوری کو دوبارہ عدالت میں پیش ہوگا۔

عدالتی کارروائی کے دوران ملزم نے ابتدا میں کہا کہ اسپتال میں اس کا سابقہ داخلہ شراب نوشی سے متعلق تھا اور معاملہ غلط فہمی کا نتیجہ ہے۔ تاہم جج نے کہا کہ نفسیاتی معائنہ پولیس کی جانب سے گرفتاری کے دوران ملزم کے رویے اور طرزِ عمل کو مدنظر رکھتے ہوئے ضروری سمجھا گیا ہے۔

ملزم نے مؤقف اختیار کیا کہ پولیس کے مشاہدے میں آنے والا اس کا غیر معمولی رویہ نیند کی کمی کے باعث تھا کیونکہ وہ رات کی شفٹ میں کام کرتا ہے۔ جج نے کہا کہ وہ یہ بات نفسیاتی معائنے کے دوران متعلقہ ماہرین کو بتا سکتا ہے۔

اگر ملزم قصوروار ثابت ہوا تو اسے 10 سال تک قید، 5 لاکھ سنگاپور ڈالر تک جرمانہ، یا دونوں سزائیں دی جا سکتی ہیں۔

مزیدپڑھیں۔زندہ مرغی اور گوشت کی قیمت میں کمی

متعلقہ خبریں