اسلام آباد ( اے بی این نیوز )پی آئی اے کی نجکاری کے سلسلے میں 75 فیصد حصص کیلئے بولی کل ہوگی،نجکاری کمیشن کے مطابق کل دوپہرساڑھے 3بجے بولی دہندگان کی موجودگی میں بولیاں کھولی جائیں گی۔ تقریب میں بولیوں اور ریفرنس قیمت کا اعلان کیا جائے گا۔ نجکاری کے عمل کو طے شدہ ضوابط کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔ مشیر نجکاری محمد علی بولی کے عمل کے اختتام پر پریس کانفرنس کریں گے۔ پی آئی اے کی نجکاری وزیر اعظم کے معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کے تحت کی جارہی۔ حکومت نجکاری کاشفاف،قابل اعتماد اور مستند عمل یقینی بنانے کیلئے پر عزم ہے۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں 4 کے بجائے 3 کمپنیاں بولی میں حصہ لیں گی۔ فوجی فرٹیلائزر براہِ راست بولی میں شریک نہیں ہوگی، تاہم امکان ہے کہ وہ کامیاب کنسورشیم کے ساتھ بعد ازاں شراکت دار کے طور پر شامل ہو جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لکی گروپ کنسورشیم اس بار نجکاری کے عمل پر زیادہ وقت اور سرمایہ لگا رہا ہے۔ لکی گروپ نے تکنیکی مشاورت کے لیے ترکی کی پیگاسس ایئرلائن کی خدمات حاصل کی ہیں۔ دوسری جانب لکی سیمنٹ کنسورشیم اور عارف حبیب کنسورشیم میں سے کسی ایک کے پی آئی اے خریدنے کا امکان ہے، جبکہ دونوں کنسورشیم فوجی فرٹیلائزر کو شراکت دار بنانے پر بھی آمادہ ہیں۔
نجکاری حکام کے مطابق قومی ایئرلائن خریدنے والے سرمایہ کار کو نئے طیارے خریدنے پر سیلز ٹیکس ادا نہیں کرنا ہوگا۔ پی آئی اے کے 51 سے 100 فیصد تک حصص فروخت کیے جائیں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یورپ کے روٹس بحال ہونے کے بعد پی آئی اے کی مالیت میں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث بہتر قیمت ملنے کی توقع ہے۔
مزید پڑھیں :معروف گلوکار چل بسے















