کراچی ( اے بی این نیوز )جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ گورنر سندھ کی جانب سے دعوت دینے پر وہ شکر گزار ہیں اور ایک دوسرے کی عزت کرنا ہماری سوسائٹی کا حسن ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی رائے چاہے کچھ بھی ہو، باہمی احترام ہماری روایات کا حصہ ہے۔ سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن ہم سب آپس میں بھائی ہیں اور انہی روایات کو بچانے کے لیے آج کل جدوجہد کر رہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف ہم سب ایک ہی صفحے پر ہیں اور اس معاملے پر کسی قسم کا اختلاف نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی افغان پالیسی پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ افغانستان کبھی ہمارا دوست نہیں رہا، اب یہ سوچنا ہوگا کہ ہماری افغان پالیسی ناکام تو نہیں ہو چکی۔انہوں نے زور دیا کہ ملک میں اداروں کو مضبوط کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور ایک دوسرے کی بالادستی کے بجائے آئین کی بالادستی کو ترجیح دینی چاہیے۔
فلسطین کے معاملے پر بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان کو کسی ایسی فورس یا اتحاد کا حصہ نہیں بننا چاہیے جس کا نشانہ فلسطین ہو۔
مزید پڑھیں :شدید زلزلے کے جھٹکے،شدت6.4 ریکارڈ















