اسلام آباد( اے بی این نیوز )پاکستان تحریک انصاف نے ملک گیر سطح پر پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت کے معاون خصوصی شفیع جان نے بتایا کہ 8 فروری 2026 کو پورے ملک میں پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی۔شفیع جان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کو وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی صورت میں ایک امید نظر آ رہی ہے اور پارٹی کارکن اس فیصلے پر مکمل طور پر متحرک ہیں۔ ان کے مطابق 8 فروری کو ہونے والی ہڑتال کے ذریعے عوامی آواز کو بھرپور انداز میں سامنے لایا جائے گا۔
دوسری جانب چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کی قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جمہوریت کی بقا کے لیے ایک بار پھر تمام سیاسی قوتوں کو مل بیٹھنے کی تجویز دی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں نہ آئین باقی رہا ہے اور نہ ہی عدلیہ آزاد نظر آتی ہے۔ ان کے مطابق جو ججز کھڑے ہو سکتے تھے وہ چلے گئے، جس کے بعد عوام کو عدالتوں سے انصاف کی کوئی امید نہیں رہی۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو سال میں وہ اہداف حاصل نہیں ہو سکے جو طے کیے گئے تھے، تاہم اس کے باوجود تحریک انصاف جمہوریت کو بچانے کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے سیاسی مکالمہ ناگزیر ہو چکا ہے۔
مزید پڑھیں :پاکستان تحریک انصاف کا اہم ترین راہنما گرفتار















