اسلام آباد ( اے بی این نیوز )وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ مذاکرات کی ضرورت اپنی جگہ موجود ہے، مگر اس سے پہلے پی ٹی آئی کو دنیا کے سامنے معافی مانگنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک جنگ جیت چکا ہے اور اس دوران ہماری افواج کی کارکردگی شاندار رہی ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ فیلڈ مارشل اور پاک فضائیہ کی کارکردگی کو عالمی سطح پر سراہا گیا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کی سفارتی کوششوں کو بھی دنیا نے تسلیم کیا۔ ان کے مطابق یہ پاکستان کی خارجہ اور دفاعی کامیابیوں کا واضح ثبوت ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ 2018 کا پاکستان اور آج کا پاکستان ایک جیسا نہیں۔ اُس وقت ملک کے مشرق اور مغرب دونوں ناراض تھے اور معیشت ڈیفالٹ کے قریب پہنچ چکی تھی، جبکہ آج معیشت بحال ہو چکی ہے اور استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے۔
انہوں نے موجودہ اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملکی مفاد کے بجائے اپنی انا اور اپنے لیڈر کے گرد گھوم رہی ہے۔ ان کے مطابق پاکستان میں اصل طاقت صحافت، سیاست اور عوام ہیں، کوئی سیاسی جماعت، لیڈر یا شخصیت پاکستان سے بڑی نہیں ہو سکتی۔
عطا تارڑ نے کہا کہ جو بیانیہ یہ کہتا ہے کہ کسی کا لیڈر پاکستان سے بڑا ہے، وہ ایک سنگین غلط فہمی ہے۔ فوج یا قیادت پر الزامات لگا کر کوئی اپنا راستہ نہیں بنا سکتا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بعض لوگ نجی محفلوں میں خود تسلیم کرتے ہیں کہ انہیں ایسا بیانیہ بنانے کو کہا گیا تھا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم اس بوجھ کو نہیں اٹھا سکتے اور نہ ہی اس طرز عمل میں حوصلہ دکھا سکتے ہیں۔ ان کے مطابق ملک میں نظام کو شفاف انداز میں چلنا چاہیے اور تمام فیصلے کھلے اور واضح ہونے چاہییں، یہی جمہوریت اور ریاست کی مضبوطی کا تقاضا ہے۔
مزید پڑھیں :کوئٹہ سے خبر غم، 11 افراد جان سے گئے،جا نئے تفصیلات















