دبئی ( اے بی این نیوز )پاکستان نے انڈر 19 ایشیا کپ جیت کر ایک بار پھر سبز ہلالی پرچم سربلند کر دیا۔ دبئی میں کھیلے گئے فائنل میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو 191 رنز سے عبرتناک شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور مقررہ اوورز میں 348 رنز کا بڑا ہدف بھارت کے سامنے رکھا۔ اس تاریخی اننگز کے ہیرو سمیر منہاس رہے جنہوں نے 113 گیندوں پر 172 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ان کی جارحانہ بیٹنگ میں 17 چوکے اور 9 چھکے شامل تھے جس نے شائقین کو خوب محظوظ کیا۔
پاکستانی بیٹنگ لائن میں احمد حسین نے بھی اہم کردار ادا کیا اور 56 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جس میں 3 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ عمران خان نے 35 رنز بنا کر اسکور کو مزید مستحکم کیا، ان کی اننگز میں 3 چوکے اور ایک چھکا شامل رہا۔
جواب میں 348 رنز کے بھاری ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے بے بس نظر آئی اور پوری ٹیم 156 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ علی رضا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد صیام اور عبدالسبحان نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
انڈر 19 ایشیا کپ فائنل میں پاکستانی بولرز کی نپی تلی اور جارحانہ بولنگ نے میچ یکطرفہ بنا دیا۔ بھارت کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور کوئی بھی بیٹر کریز پر جم نہ سکا۔
میچ کے اختتام پر پاکستانی کھلاڑیوں نے گراؤنڈ میں بھرپور جشن منایا اور سجدہ شکر ادا کیا۔ اس شاندار فتح نے نہ صرف ٹیم بلکہ پورے ملک کے چہروں پر خوشی بکھیر دی اور نوجوان کھلاڑیوں نے ثابت کر دیا کہ پاکستان کرکٹ کا مستقبل روشن ہاتھوں میں ہے۔
مزید پڑھیں :بلوچستان کے لوگ آج ایک وقت کی روٹی کے محتاج ہو چکے ہیں،سردار اختر مینگل















