اہم خبریں

گاڑیوں کی قیمتوں میں بڑی کمی، وجہ کیا بنی؟ جانیے

لاہور (اے بی این نیوز) پاکستان میں سال 2025 کے دوران گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے جس نے آٹو انڈسٹری اور صارفین دونوں کی توجہ حاصل کر لی۔اس کمی کی بنیادی وجوہات میں آٹو مارکیٹ میں سخت مسابقت، حکومتی ٹیکس ریلیف اور عوام کی کمزور قوتِ خرید شامل ہیں۔

آٹو انڈسٹری سے وابستہ ذرائع کا کہنا ہے کہ مقامی اور بین الاقوامی کار ساز کمپنیوں کے درمیان مقابلہ شدید ہو چکا ہے، فروخت برقرار رکھنے اور مارکیٹ شیئر بچانے کیلئے کئی معروف برینڈز نے اپنی گاڑیوں کی قیمتوں میں لاکھوں روپے تک کمی کر دی ، جس کے نتیجے میں آٹو سیکٹر میں واضح طور پر پرائس وار کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔

وفاقی بجٹ 2025 میں حکومت کی جانب سے بعض درآمدی گاڑیوں پر کسٹمز ڈیوٹی اور ریگولیٹری ڈیوٹیز میں کمی کی گئی، جس کا براہِ راست فائدہ مہنگی اور امپورٹڈ گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کی صورت میں سامنے آیا۔ کمپنیوں نے اس ٹیکس ریلیف کو صارفین تک منتقل کرتے ہوئے قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا۔

دوسری جانب مہنگائی، بلند شرح سود اور آٹو فنانسنگ میں مشکلات کے باعث گاڑیوں کی طلب میں بھی واضح کمی دیکھی گئی ہے۔ بینکوں کی سخت شرائط اور بڑھتی قسطوں نے خریداروں کو محتاط بنا دیا، جس کے باعث کار ساز اداروں کو قیمتیں کم کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر معاشی صورتحال میں بہتری آئی اور شرح سود میں کمی ہوئی تو آٹو مارکیٹ میں مزید مثبت تبدیلیاں دیکھنے کو مل سکتی ہیں، جس سے صارفین کو مزید ریلیف ملنے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں۔ایشیاکپ انڈر 19 کپ کا فائنل، پاکستان اور بھارت ایک بار پھر مد مقابل ہوں گے

متعلقہ خبریں