اہم خبریں

عمران خان،بشریٰ بی بی،توشہ خان کیس اہم مر حلے میں داخل،کل ممکنہ سماعت

راولپنڈی ( اے بی این نیوز     ) عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف زیرِ سماعت توشہ خانہ ٹو کیس ایک بار پھر اہم مرحلے میں داخل ہونے جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس کیس کی سماعت کل اڈیالہ جیل میں ہونے کا امکان ہے، جس سے عدالتی عمل دوبارہ متحرک ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔

عدالتی عملے نے بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر کو متوقع سماعت سے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ توشہ خانہ ٹو کیس کی آخری سماعت 16 اکتوبر کو اڈیالہ جیل میں ہوئی تھی، جس کے بعد مختلف وجوہات کی بنا پر کیس کی سماعت تین مرتبہ ملتوی کی جا چکی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کیس میں استغاثہ اور صفائی دونوں جانب سے اہم مراحل مکمل ہو چکے ہیں۔ شہادتیں ریکارڈ کی جا چکی ہیں، ملزمان کے 342 کے بیانات بھی قلمبند ہو چکے ہیں جبکہ حتمی دلائل بھی مکمل کیے جا چکے ہیں۔

اب استغاثہ کی جانب سے جواب الجواب داخل کیے جانے کے بعد عدالت کی طرف سے فیصلہ محفوظ کیے جانے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ قانونی ماہرین کے مطابق یہ کیس ایک فیصلہ کن موڑ پر پہنچ چکا ہے اور آنے والی سماعت ملکی سیاست اور عدالتی منظرنامے پر نمایاں اثر ڈال سکتی ہے۔
مزید پڑھیں :عمران خان جیل میں کن حالات میں ہیں،قاسم خان کے اہم انکشافات ،جا نئے تفصیلات

متعلقہ خبریں