اہم خبریں

ملک بھر میں مہنگائی کا جن بے قابو،مر غی ،انڈے، دال مونگ، دہی، بڑا گوشت، کپڑے، لکڑی مہنگی

اسلام آباد ( اے بی این نیوز     )ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعدادوشمار جاری کر دیے ہیں، جن کے مطابق ملک میں مہنگائی میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔اسلام آباد سے جاری رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران مہنگائی میں 0.24 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح 3.75 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران 17 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 14 اشیا سستی ہوئیں جبکہ 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

اعدادوشمار کے مطابق زندہ برائلر مرغی کی قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، جو 40 روپے فی کلو بڑھ کر اوسطاً 403 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔ مختلف شہروں میں زندہ مرغی 358 روپے سے 500 روپے فی کلو تک فروخت ہوتی رہی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مرچوں کی قیمت میں 3 فیصد، انڈوں میں 2.88 فیصد اور کوکنگ آئل میں 0.32 فیصد تک اضافہ ہوا۔ اس کے علاوہ گزشتہ ہفتے دال مونگ، دہی، بڑا گوشت، کپڑے، لکڑی اور انرجی سیور کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔

دوسری جانب کچھ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔ ٹماٹر، آلو، چینی، پیاز، دال ماش، لہسن، نمک، گڑ، ڈیزل اور ایل پی جی کی قیمتیں گزشتہ ہفتے کم ہوئیں، جس سے صارفین کو جزوی ریلیف ملا۔

سالانہ بنیاد پر جائزہ لیا جائے تو چینی 24 فیصد، گندم کا آٹا 22.52 فیصد جبکہ مرغی 21 فیصد تک مہنگی ہو چکی ہے۔ مہنگائی کے تازہ اعدادوشمار نے ایک بار پھر عوامی مشکلات میں اضافے کی نشاندہی کی ہے، جبکہ صارفین قیمتوں میں مزید کمی کے منتظر ہیں۔

مزید پڑھیں :شہزاد اکبر کی پاکستان واپسی سے متعلق ایک اہم پیش رفت سامنے آگئی،جا نئے کیا

متعلقہ خبریں