کراچی ( اے بی این نیوز )سندھ حکومت نے فوڈ اتھارٹی میں ای چالان سسٹم کے نفاذ کے پیش نظر اہم انتظامی فیصلہ کر لیا ہے۔ صوبائی وزیر خوراک مخدوم محبوب الزمان کے مطابق 16 دسمبر 2025 سے 13 مارچ 2026 تک بعض امور پر عارضی پابندیاں عائد کی گئی ہیں تاکہ نئے نظام کے نفاذ میں شفافیت یقینی بنائی جا سکے۔
اس دوران فوڈ اتھارٹی میں تبادلے اور تعیناتیوں پر پابندی ہوگی، جبکہ ڈیپوٹیشن میں توسیع پر بھی روک لگائی گئی ہے۔ وزیر خوراک نے بتایا کہ فوڈ اتھارٹی کی نو تشکیل شدہ گورننگ باڈی کے ذریعے اصلاحاتی عمل مکمل کیا جائے گا اور ای چالان سسٹم کے تحت ڈیجیٹل طریقے سے کام کی نگرانی کی جائے گی۔
ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی شہزاد فضل عباسی کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس میں تمام متعلقہ افسران اور عملے کو نئے انتظامات کے مطابق کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ مخدوم محبوب الزمان نے واضح کیا کہ یہ اقدامات فوڈ اتھارٹی میں شفافیت اور مؤثر کارکردگی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہیں۔
مزید پڑھیں :پی ٹی آئی کا اہم فیصلہ















