اہم خبریں

پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی اصل ضمانت نوجوان نسل ہے،وزیر اعظم

ہری پور ( اے بی این نیوز   ) وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا دلیر، غیور اور قربانیاں دینے والا صوبہ ہے، جہاں کے عوام دہشتگردی کے خلاف طویل عرصے سے بہادری کے ساتھ نبردآزما ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس صوبے کے عوام نے دہشتگردوں کے خلاف جدوجہد میں قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کیے اور تاریخ ان قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی اصل ضمانت نوجوان نسل ہے اور ملک کے روشن مستقبل کی کنجی انہی کے ہاتھ میں ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پورے خیبرپختونخوا میں مزید لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے، جبکہ لیپ ٹاپ پروگرام نوجوانوں کو تعلیم اور جدید ٹیکنالوجی سے جوڑنے کا عملی ثبوت ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہونہار طلبا و طالبات قوم کا قیمتی سرمایہ اور مستقبل کے معمار ہیں، اور والدین و اساتذہ کی محنت کے بغیر یہ کامیابیاں ممکن نہیں تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ میرٹ پر منتخب طلبہ کو جدید تعلیم اور تربیت کے لیے بیرون ملک بھی بھیجا گیا ہے۔ ان کے مطابق تعلیم، مہارت اور ٹیکنالوجی نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں اور نوجوانوں کو بااختیار بنا کر ہی ایک مضبوط پاکستان کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔

علاقائی اور قومی سلامتی پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ معرکۂ حق میں ملنے والا سبق بھارت کے وزیراعظم مودی کبھی فراموش نہیں کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 6 سے 10 مئی کے دوران افواجِ پاکستان نے دشمن کو واضح پیغام دیا اور یہ کامیابی قوم کی دعاؤں اور اللہ کے فضل سے ممکن ہوئی۔ وزیراعظم کے مطابق یہ فتح صرف افواجِ پاکستان کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ کامیابی تھی، جس میں تہجد کے وقت مانگی گئی دعاؤں نے اہم کردار ادا کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی کسی ایک صوبے سے ممکن نہیں بلکہ چاروں صوبوں کی مشترکہ ترقی سے ہی ملک آگے بڑھے گا۔ انہوں نے محنت، امانت، دیانت اور اتحاد کو پاکستان کی عظمت کی بنیاد قرار دیا اور کہا کہ بھائی چارہ، اتفاق اور اتحاد ہی ہماری کامیابی کا واحد راستہ ہیں۔

اپنے خطاب کے اختتام پر وزیراعظم نے کہا کہ یہ فتح ان کی ذاتی نہیں بلکہ پاکستان کی عزت، وقار اور سربلندی کی فتح ہے۔ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عزت دی اور پوری قوم کو سرخرو کیا، اور جب عزم و یقین کے ساتھ قافلہ نکلتا ہے تو راستے خود بنتے چلے جاتے ہیں۔

مزید پڑھیں :حکومت کے محکموں کی تعداد کم کر کے 20 کرنے کی منظوری

متعلقہ خبریں