اہم خبریں

علیمہ خان اڈیالہ جیل کے باہر کارکنوں کے ہمراہ دھرنا، ڈٹ گئیں،گرم کپڑے لائے ہیں واپس نہیں جا ئیں گے

راولپنڈی (اے بی این نیوز    )بانی پی ٹی آئی کی بہنوں اور کارکنوں کا ایک بار پھر اڈیالہ جیل کے باہر دھرنا، علیمہ خان کا اعلان آج واپس نہیں جائیں گے

بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر ان کی بہنوں اور پارٹی کارکنوں نے ایک بار پھر اڈیالہ جیل کے باہر دھرنا دے دیا۔ مظاہرے میں شریک علیمہ خان نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ آج وہ گرم کپڑے ساتھ لے کر آئی ہیں اور ملاقات کرائے بغیر واپس نہیں جائیں گے۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ حکومت واضح کرے کہ آخر بانی پی ٹی آئی سے ان کے اہلِ خانہ کی ملاقات کیوں نہیں کروائی جا رہی۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج بھی ملاقات کی اجازت نہ دی گئی تو تمام افراد یہیں دھرنا دے کر بیٹھے رہیں گے۔

علیمہ خان نے کہا کہ ہر منگل کو انہیں جیل کے باہر روک لیا جاتا ہے، حالانکہ وہ کوئی غیر قانونی یا غیر آئینی کام نہیں کر رہے۔ ان کے مطابق جب آئینی حق بھی نہ ملے تو احتجاج کے علاوہ کوئی اور راستہ باقی نہیں رہتا۔انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا مطالبہ آئین کی بحالی، جمہوریت کی واپسی اور قانون کی بالادستی ہے۔ علیمہ خان کے مطابق افغان ٹریڈ بند ہونے سے ہزاروں افراد بے روزگار ہو چکے ہیں جبکہ عدلیہ کو بھی آزادی کے دائرے سے باہر نکال دیا گیا ہے۔

دھرنے میں شریک کارکنوں نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ عمران خان سے فیملی ملاقات فوری طور پر بحال کی جائے۔ صورتحال کے پیش نظر جیل کے اطراف سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے جبکہ پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات ہے۔

مزید پڑھیں :افغانستان میں نئے بحران نے جنم لے لیا، یورپی یو نین نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

متعلقہ خبریں