ممبئی (اے بی این نیوز ) بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ راکھی ساونت نے ایک مسلم خاتون کا نقاب کھینچنے کے واقعے پر بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان سے فوری طور پر عوامی معافی مانگنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ یہ معاملہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے اور انسانی حقوق، خواتین کے احترام اور مذہبی آزادی سے جڑی بحث کو جنم دے چکا ہے۔
راکھی ساونت نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ایوارڈ دینے کے بہانے ایک مسلمان خاتون کے ساتھ جو سلوک کیا گیا، وہ نہ صرف نامناسب بلکہ توہین آمیز بھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نتیش کمار جیسے سینئر سیاستدان سے ایسی حرکت کی توقع نہیں کی جا سکتی، کیونکہ انہیں مختلف مذاہب اور ثقافتی روایات کا احترام کرنا چاہیے۔
راکھی ساونت نے کہا کہ اسلام میں خواتین کو نقاب کا حکم دیا گیا ہے اور کسی بھی فرد کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ کسی خاتون کے نقاب کو ہاتھ لگائے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر یہی حرکت کسی اور خاتون کے ساتھ کی جاتی تو ردعمل کیا ہوتا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف خواتین کی عزت و احترام کی باتیں کی جاتی ہیں اور دوسری جانب عوامی اسٹیج پر ایک خاتون کی تذلیل کی جاتی ہے، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔ راکھی ساونت نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار متاثرہ خاتون کو میڈیا کے سامنے بلا کر بہن قرار دیں اور کھلے عام معافی مانگیں۔
راکھی ساونت کا کہنا تھا کہ وہ اتر پردیش اور بہار کا احترام کرتی ہیں، مگر خواتین کے ساتھ ظلم، بے عزتی اور برقعے کی تذلیل کسی بھی معاشرے میں برداشت نہیں کی جا سکتی۔دوسری جانب سابق بالی ووڈ اداکارہ زائرہ وسیم نے بھی اس واقعے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کسی عورت کی عزت اور حیا کوئی کھلونا نہیں کہ اس کے ساتھ کھیلا جائے، وہ بھی کسی عوامی تقریب میں۔
مزید پڑھیں :عمران خان کے بعد ایک اور مشہور و معروف کرکٹ کھلاڑی کی گرفتاری کیلئے تیاری مکمل















