اہم خبریں

عمران خان کے بعد ایک اور مشہور و معروف کرکٹ کھلاڑی کی گرفتاری کیلئے تیاری مکمل

سری لنکا(اے بی این نیوز    )سری لنکا کے 1996 ورلڈ کپ فاتح کپتان، سابق پٹرولیم وزیر اور معروف کرکٹ لیجنڈ ارجنا راناٹنگا کے خلاف بدعنوانی کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔ احتسابی اداروں نے ان کی گرفتاری کی تیاری مکمل کر لی ہے، جس نے ملک میں سیاسی اور کھیلوں کے حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

تحقیقات سے وابستہ حکام کے مطابق ارجنا راناٹنگا پر الزام ہے کہ انہوں نے وزارتِ پٹرولیم کے دور میں تیل کی خریداری کے طریقہ کار میں غیر قانونی تبدیلیاں کیں، جن کے باعث ریاست کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔بدعنوانی کی تحقیقات کرنے والے ادارے کمیشن ٹو انویسٹی گیٹ الیگیشنز آف برائبری یا کرپشن کے مطابق، ارجنا راناٹنگا اور ان کے بھائی نے طویل المدتی معاہدوں کے بجائے مہنگی اسپاٹ پرچیزنگ کی اجازت دی۔ حکام کا کہنا ہے کہ صرف 2017 میں کی گئی 27 خریداریوں سے قومی خزانے کو تقریباً 800 ملین سری لنکن روپے کا نقصان ہوا، جو اس وقت پانچ ملین امریکی ڈالر سے زائد بنتا تھا۔

عدالتی سماعت کے دوران کولمبو کے مجسٹریٹ اسنگا بودھراگاما کو بتایا گیا کہ ارجنا راناٹنگا اس وقت ملک سے باہر ہیں، تاہم سری لنکا واپسی پر انہیں گرفتار کر لیا جائے گا۔دوسری جانب اس مقدمے میں ارجنا راناٹنگا کے بڑے بھائی دھمیکا راناٹنگا، جو اس وقت سیلون پیٹرولیم کارپوریشن کے چیئرمین تھے، کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ بعد ازاں عدالت نے انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔

حکام کے مطابق تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے اور تیل کی خریداری سے متعلق تمام فیصلوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ ارجنا راناٹنگا نہ صرف سری لنکا کو 1996 میں کرکٹ ورلڈ کپ جتوانے والے کپتان رہ چکے ہیں بلکہ وہ ملک کے مقبول ترین کرکٹرز میں شمار ہوتے ہیں۔ ان پر لگنے والے الزامات نے سری لنکا میں سیاست اور کرکٹ سے وابستہ حلقوں میں شدید بحث کو جنم دیا ہے،

مزید پڑھیں :سڈنی حملہ،بھارت کو سانپ سونگھ گیا،مزیدناقابل تردید شواہد سامنے آگئے،جا نئے تفصیلات

متعلقہ خبریں