اہم خبریں

اس بار ڈی چوک سے آزادی لیکر یا کفن میں واپس آئینگے: سہیل آفریدی

پشاور (اے بی این نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل خان آفریدی نے کہا ہے کہ اس بار ڈی چوک جائیں گے تو آزادی لیکر یا کفن میں واپس آئیں گے۔

کوہاٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جج سے ملنے جاتے ہیں ہمیں ملنے نہیں دیا جاتا، جنہوں نے ہمارے مینڈیٹ کی حفاظت کرنی تھی انہوں ڈاکا ڈالا ہوا ہے، ہمارے محافظ ہی ہمارے قاتل بنے ہوئے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ کچھ ٹاؤٹس رات کو میڈیا پر بیٹھ کر گولیوں کی دھمکی دیتے ہیں۔ عمران خان نے احتجاج یا مذاکرات کی ذمہ داری محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو دی ہے، جب بھی انکی طرف سے کال آئے گی سب نے تیار رہنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملکر حقیقی آزادی ان سے چھین کر لینی ہے، وفاقی حکومت نے 5 ہزار 3 سو ارب روپے کی کرپشن کی ہے ، پاکستان پر قرضہ 80 ہزار ارب روپے تک پہنچ گیا ہے، ہمیں گورننس کا مشورہ دینے والوں نے ملک کو قرضے میں ڈبو دیا ہے۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود مینڈیٹ چور ہیں اور مجھے مشورے دے رہی ہیں، پنجاب پولیس کو پورے پاکستان میں کرپٹ ترین ادارہ بنایا گیا ہے ، سرمایہ کاری خیبرپختونخوا میں ہورہی ہے پنجاب میں سرمایہ کاری کم ہوگئی ہے اور مشورہ بھی ہمیں دیا جارہا ہے۔

سہیل خان آفریدی نے کہا ہے کہ ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہمارے پاس حقیقی آزادی چھیننے کیلئے تیار ہوکر نکلنے کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا،جعلی حکومت ہمیں گولیوں سے ڈراتی ہے، عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو جعلی مقدمات میں قید کررکھا ہے تاکہ عمران خان کو مجبورکیاجاسکے لیکن ہم جھکنے والے نہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران خان نے ہماری تربیت کی ہے، ہم ان کی سنیں گے اور اس پر عملدرآمد بھی کریں گے، یہاں کسی اور کا راج نہیں بلکہ صرف عمران خان کا راج چلتا ہے اور چلے گا۔

مزید پڑھیں۔آئی سی سی کے پوسٹر سے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا غائب، پی سی بی کا سخت ردعمل

متعلقہ خبریں