لاہور(اے بی این نیوز)پنجاب حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہونےکے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز نے پنجاب میں ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
مذاکرات کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی۔
کمیٹی کی سربراہی پنجاب کی سینیر وزیر مریم اورنگزیب کریں گی جبکہ ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں کو بھی اس میں شامل کیا گیا ہے۔ کمیٹی کا پہلا اجلاس آج مریم اورنگزیب اور ٹرانسپورٹر نمائندوں کی موجودگی میں ہوگا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مسائل کو افہام و تفہیم سے حل کیا جائے گا، حکومت کا مقصد انسانی زندگی کا تحفظ اور شہریوں کے لیے بہتر حالات فراہم کرنا ہے۔
یاد رہے کہ 8 دسمبر کو پاکستان ٹرانسپورٹ متحدہ ایکشن کمیٹی نے ٹریفک آرڈیننس کیخلاف لاہور سمیت پنجاب بھر میں ہڑتال کی کال دی تھی۔
8 دسمبر کو رات گئے سے دوپہر تک پنجاب میں ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال جاری رہی، اس دوران پبلک ٹرانسپورٹ بند کی گئی،گڈز ٹرانسپورٹ، منی مزدا، لوڈرز اور رکشے بھی ہڑتال میں شامل تھے۔ انٹرا سٹی، بین الاضلاعی اور بین الصوبائی ٹرانسپورٹ بند رہی۔
پاکستان ٹرانسپورٹ متحدہ ایکشن کمیٹی نے ٹریفک آرڈیننس پر عمل درآمد معطل کرنے پر پنجاب میں پہیہ جام ہڑتال ختم کردی۔
اس حوالے سے پاکستان منی مزدا ایسوسی ایشن کے صد ر شیر علی چوہدری کا کہنا تھا کہ آرڈیننس منسوخ کرنےکا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے ورنہ ہڑتال جاری رہےگی۔
مزید پڑھیں۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حیرت انگیز کمی متوقع















