لندن (اے بی این نیوز ) برطانیہ میں موسم ایک بار پھر شدید صورتحال اختیار کرنے والا ہے، جہاں طوفان برام کے باعث طاقتور ہوائیں اور تیز بارشیں ملک کے بیشتر حصوں کو متاثر کر رہی ہیں۔ بین الاقوامی رپورٹس کے مطابق انگلینڈ اور ویلز میں تقریباً تین ہزار گھروں کی بجلی معطل ہو چکی ہے، جبکہ لندن سے ساؤتھ ویسٹ انگلینڈ اور ساؤتھ ویلز تک ٹرین سروس بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ اسکاٹ لینڈ میں بھی ریلوے آپریشن میں بڑے پیمانے پر خلل دیکھا جا رہا ہے۔
ڈبلن ایئرپورٹ پر موسم خراب ہونے کے باعث چالیس سے زائد پروازیں منسوخ کر دی گئیں، جبکہ ایئر لائنز نے مسافروں کو سفری شیڈول چیک کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ ممکنہ سیلاب اور خطرناک موسمی صورتحال کے پیش نظر ساؤتھ ویلز اور ساؤتھ ویسٹ انگلینڈ کے لیے ایمبر وارننگ جاری کر دی گئی ہے، جبکہ اسکاٹ لینڈ، ویلز، ناردرن آئرلینڈ اور انگلینڈ کے مختلف شمالی و جنوبی مغربی حصوں کے لیے یلو وارننگ برقرار ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق ملک کا درجہ حرارت آج معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے اور یہ سولہ ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ لندن میں دن بھر بادل چھائے رہنے اور وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا امکان ہے، جبکہ درجہ حرارت چودہ ڈگری کے قریب رہے گا۔موسمی ماہرین نے شہریوں کو ٹریول پلان کرنے سے قبل اپڈیٹس چیک کرنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور خطرناک علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔
مزید پڑھیں :وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب















