لاہور (اے بی این نیوز )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کرنے کے لیے اہم احکامات جاری کیے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ تعلیمی اداروں کے باہر جدید ڈیجیٹل نگرانی کے کیمرے فوری طور پر نصب کیے جائیں، جبکہ اداروں میں سیکیورٹی گارڈز، انٹری چیکنگ اور سی سی ٹی وی کیمرے لازمی قرار دیے گئے ہیں تاکہ طلبہ اور عملے کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
پنجاب میں دوسرے صوبوں سے آنے اور جانے والی بین الصوبائی بسوں کے ڈرائیورز اور عملے کی رجسٹریشن کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، جس کا مقصد ٹرانسپورٹ سیکٹر میں سیکیورٹی کو بہتر بنانا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پنجاب بھر کے پارکس میں بھی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا نظام مضبوط کیا جائے اور وہاں سیکیورٹی انتظامات کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے۔
انہوں نے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو موٹروے پولیس کے ساتھ مربوط تعاون بڑھانے کی ہدایت دی تاکہ صوبائی سیکیورٹی نیٹ ورک زیادہ مضبوط اور مؤثر ہو سکے۔ اس کے ساتھ ہی سیف سٹی اتھارٹی کو پورے پنجاب میں نصب کیمروں کا فنکشنل ری ویو کرنے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ لاہور، راولپنڈی سمیت تمام شہروں میں سی سی ٹی وی کوریج یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
وزیراعلیٰ نے گھروں اور مارکیٹوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کو سیف سٹی سسٹم سے منسلک کرنے کا بھی حکم دیا ہے، تاکہ شہر بھر میں ایک مربوط نگرانی کا نظام قائم ہوسکے۔ انہوں نے ڈی سی اوز اور ڈی پی اوز کو اپنے متعلقہ علاقوں کے عمائدین سے رابطے بڑھانے اور کمیونٹی شراکت داری کو مضبوط کرنے کی ہدایت کی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ وہ پنجاب کو محفوظ ترین صوبہ بنانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گی۔ انہوں نے زور دیا کہ شہریوں کی بھرپور معاونت کے بغیر یہ مقصد مکمل نہیں ہو سکتا۔ صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر انہوں نے اطمینان کا اظہار بھی کیا۔
مزید پڑھیں :سرحدی جھڑ پیں شروع















