اہم خبریں

اویس لغاری سے امریکی سفیرکی ملاقات، توانائی کے شعبہ میں درپیش مسائل پر بات چیت

اسلام آباد (اے بی این نیوز     )وفاقی وزیرِ توانائی اویس احمد لغاری نے امریکی سفیر نٹالی بیکر سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات، آئندہ تعاون اور سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ملاقات کے دوران اویس لغاری نے امریکی سفیر سے کہاکہ وہ امریکا میں موجود ملٹی لیٹرل ڈیولپمنٹ پارٹنرز اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں، بشمول آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک، کے ساتھ رابطوں میں معاونت فراہم کریں تاکہ وہ رکاوٹیں دور کی جا سکیں جو پاکستان کے توانائی شعبے کی پائیدار ترقی میں حائل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈویلپمنٹ پارٹنرز کا تعاون پاکستان کیلئے اسٹرکچرل اصلاحات اور مجموعی کارکردگی بہتر بنانے میں انتہائی اہم ہے۔

سفیر بیکر کو نئے متعارف کرائے گئے سرپلس پاور پیکیج کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ یہ منصوبہ صنعتی صارفین کو مسابقتی نرخوں پر بجلی فراہم کرکے معاشی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ کہ امریکا گرین فیلڈ انڈسٹریز تک اس پیکیج کے دائرہ کار کو توسیع دینے میں تعاون کرے، جس سے سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی میں تیزی آئے گی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان بجلی کی تقسیم کے نظام میں موجود تکنیکی و تجارتی نقصانات، ریکوری کے مسائل اور مجموعی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے جاری اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔ امریکی سفیر نے وزارتِ توانائی کی اصلاحات کو سراہا اور حکومت کی جانب سے سرکلر ڈیٹ مینجمنٹ اور نقصانات میں کمی کے لیے کیے گئے ڈیٹا پر مبنی اقدامات کی تعریف کی۔

ملاقات میں امریکی سرمایہ کاروں کے لئے پاکستان کے پاور ٹرانسمیشن سیکٹر میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی بات ہوئی، جہاں نجی شعبے کی شمولیت کے بڑے امکانات موجود ہیں۔ سفیر بیکر نے ان مواقع میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔مزید برآں، تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ اویس لغاری نے کہا کہ امریکا اپنے نجی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں نجکاری کے لیے پیش کی گئی ڈسکوز میں دلچسپی لینے کی ترغیب دے، کیونکہ نجی شعبے کی شمولیت سے کارکردگی اور سروس ڈیلیوری میں واضح بہتری آسکتی ہے۔

مزید پڑھیں :حا لات کس طرح ٹھیک ہو نگے طارق فضل چوہدری نے جنید اکبر کو مشورہ دیدیا

متعلقہ خبریں