راولپنڈی (اے بی این نیوز) چیف آف آرمی اسٹاف اینڈ چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے واضح کیا ہے کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، اگر اس نے دوبارہ اشتعال انگیزی کی کوشش کی تو پاکستان کا ردعمل پہلے سے بھی زیادہ تیز اور سخت ہوگا۔
تینوں مسلح افواج کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ طالبان انتظامیہ کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ فتنہ خوارج کا ساتھ دے گی یا پاکستان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ امن کو ترجیح دیتا ہے لیکن ملکی خودمختاری اور علاقائی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے دو ٹوک کہا کہ کسی کو بھی پاکستان کے عزم کو آزمانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یہ بھی کہا کہ سب جان لیں کہ پاکستان کا نظریہ اور وجود نا قابل شکست ہے۔ اس ملک کی حفاظت جوانوں کی جرأت اور قوم کے اتحاد نے مضبوط بنا رکھی ہے۔ نئے قائم ہونے والے ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ تبدیلی ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملٹی ڈومین آپریشنز کو تینوں افواج کے مشترکہ نظام کے تحت مزید جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔ ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز کا قیام مستقبل کی ضروریات کے مطابق ایک اہم قدم ہے۔ ان کے مطابق ہر سروس اپنی آپریشنل تیاری اور انفرادیت برقرار رکھتے ہوئے اعلیٰ کمانڈ کے تحت مربوط انداز میں کام کرے گی، جبکہ نیا ہیڈ کوارٹر تینوں افواج کے آپریشنز کو ہم آہنگ اور مؤثر بنانے میں مرکزی کردار ادا کرے گا۔
مزید پڑھیں :سوئی ناردرن گیس کمپنی نے گیس لوڈشیڈنگ کا نیاشیڈول جاری کردیا















