بھارت(اے بی این نیوز)بھارت کی ریاست راجستھان کے ضلع شری گنگا نگر میں تربیتی مشق کے دوران بھارتی فوج کی پیشہ ورانہ اہلیت کا بھانڈا ایک بار پھر پھوٹ پڑا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مشق کے دوران بکتر بند ٹینک اندرا گاندھی نہر عبور کرنے کی کوشش میں ڈوب گیا جس سے ایک فوجی ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوئے۔
بھارت نے دبئی ایئر شو میں طیارہ گرنے کا ذمہ دار امریکا کو ٹھہرا دیا
پولیس کے مطابق ٹینک اچانک توازن کھو بیٹھا اور چند لمحوں میں ہی پانی میں دھنس گیا۔ اس وقت ٹینک کے اندر 2 فوجی موجود تھے، جن میں سے ایک اپنی جان بچانے میں کامیاب ہو گیا، جبکہ دوسرا باہر نہ نکل سکا۔
فوجی اہلکار کو بچانے کے لیے پولیس، اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس اور سول ڈیفنس کی ٹیموں نے کئی گھنٹوں تک ریسکیو آپریشن جاری رکھا، تاہم بعد ازاں اس کی لاش نکال لی گئی۔
بھارتی فوج کی جانب سے تاحال ہلاک ہونے والے اہلکار کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس جون میں لداخ کے علاقے میں ایک ٹینک دریا میں بہہ جانے سے بھارتی فوج کے 5 افسران ڈوب کر ہلاک ہو گئے تھے، جبکہ اکتوبر 2022 میں فائرنگ مشق کے دوران ٹینک پھٹنے سے 2 افسر ہلاک اور ایک شدید زخمی ہو گیا تھا۔
ان واقعات نے بھارتی فوج کی پیشہ ورانہ اہلیت اور تربیتی مشقوں میں حفاظتی انتظامات پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
مزید پڑھیں۔جو 500 کروڑ دیتا ہے وہ ہی وزیراعلیٰ بنتا ہے: سدھو کی اہلیہ نے طوفان کھڑا کردیا















