اہم خبریں

علی امین گنڈا پور نے پی ٹی آئی چھوڑ دی؟

پشاور (اے بی این نیوز) سابق وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کے استعفے کے بعد ان کی سیاسی سرگرمیوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس نے سیاسی حلقوں میں کئی سوالات کو جنم دے دیا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق علی امین گنڈاپور گزشتہ کئی اہم مواقع پر پارٹی ایونٹس میں شریک نہیں ہوئے، جس کے باعث کارکنوں اور رہنماؤں میں بےچینی پائی جا رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یومِ سیاہ کے موقع پر پشاور میں ہونے والی سرگرمیوں میں بھی وہ موجود نہیں تھے، اسی طرح گزشتہ روز ہونے والے جلسے میں بھی شرکت نہیں کی، جبکہ اسلام آباد میں ارکانِ اسمبلی کے احتجاج سے بھی غیر حاضر رہے۔

رپورٹس کے مطابق وہ پارٹی کے اہم اجلاسوں میں شرکت سے گریز کر رہے ہیں اور بیشتر رہنماؤں سے رابطے بھی منقطع کر چکے ہیں۔

مزید یہ کہ انہوں نے پارٹی کیلئے مالی تعاون بھی روک دیا ہے، جسے ان کی مکمل سیاسی خاموشی کا اہم اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس صورتحال کے باعث پارٹی کے اندرونی حلقوں میں بحث جاری ہے کہ آیا وہ وقتی طور پر الگ ہوئے ہیں یا یہ کسی بڑے فیصلے کا پیش خیمہ ہے۔

دوسری جانب سابق وزیرِ اعلیٰ کے ترجمان فراز مغل نے اس تاثر کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور اپنی مصروفیات کے باعث پارٹی سرگرمیوں میں فی الحال شامل نہیں ہو پا رہے، وہ اپنے آبائی علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی میں مصروف ہیں۔

ترجمان کی جانب سے واضح کیا گیا کہ تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی کال پر علی امین ہمیشہ کی طرح صفِ اوّل میں موجود ہوں گے اور پارٹی کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

مزید پڑھیں۔شارع فیصل پر ہنگامہ آرائی، دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات درج

متعلقہ خبریں