اسلام آباد( اے بی این نیوز )مسلم لیگ ن کی قیادت عوامی خدمت کے ایجنڈے پر سرگرم ہے اور وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ پارٹی نے ہمیشہ عوامی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنے حلقے میں عوام سے جو وعدے کیے تھے، ان کی تکمیل تیزی سے جاری ہے اور بنیادی سہولتوں کے کئی منصوبے مکمل ہوچکے ہیں۔
عطا تارڑ نے حلقے میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح بھی کیا اور کہا کہ مسلم لیگ ن نے ملک بھر میں ترقی اور تعمیر کے منصوبوں کا جال بچھا دیا ہے۔ ان کے مطابق پنجاب کے مقابلے میں خیبرپختونخوا کی صورتحال نہایت مایوس کن ہے، جہاں پی ٹی آئی بارہ سال سے برسرِ اقتدار رہنے کے باوجود نہ کوئی بڑا اسکول بنا، نہ یونیورسٹی اور نہ ہی کسی نمایاں ترقیاتی منصوبے پر کام ہوا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے الزام عائد کیا کہ بانی پی ٹی آئی نے 190 ملین پاؤنڈ کا ڈاکا ڈالا اور انہیں ایک ایسا شخص قرار دیا جو ہسپتالوں اور فلاحی منصوبوں کے فنڈز بھی ہڑپ کرگیا۔ عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو شہدا کی یادگاروں پر حملے کیے گئے اور ان واقعات میں پی ٹی آئی کی قیادت کی قریبی رشتہ دار خواتین بھی شریک تھیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 9 مئی کو پی ٹی آئی اور 10 مئی کو بھارت کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
عطا تارڑ نے واضح کیا کہ شہدا کی بے حرمتی ناقابلِ معافی ہے اور قوم اپنے محافظوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ملک کے دفاع کی صلاحیت رکھتے ہیں اور پاکستان ہر چیلنج کا مقابلہ کرنا جانتا ہے۔
مزید پڑھیں :موسم سرما کیلئے گیس شیڈول جاری،جا نئے کس کس وقت گیس ملے گی















