لاہور (اے بی این نیوز)پاکستان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ میرا نہیں خیال کہ ورلڈ کپ سے قبل ٹی ٹوئنٹی میں کوئی بڑی تبدیلی ہوگی، ورلڈ کپ میں ہمارا یہی کمبی نیشن ہوگا۔
پی سی بی کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سب کھلاڑیوں کو رولز دے دیے ہیں اسی رولز کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ سے قبل 6 میچز باقی ہیں، ہمیں تسلسل کے ساتھ کھیلنا ہوگا، ہم 6 میچز میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں کرسکتے۔ کیونکہ 6 ماہ انہی کے ساتھ کھیلا ہے اور ریزلٹ آنا شروع ہو گئے ہیں۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ 2026 میں ہم ٹی ٹوئنٹی اور پھر 2027 میں ون ڈے ورلڈ کپ جیتیں، یہ دونوں ورلڈ کپ جیتنا میرا خواب ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سینئر کھلاڑیوں کو سری لنکا کی پچز کا اندازہ ہے، نئے کھلاڑیوں کو ورلڈکپ سے قبل سری لنکا سیریز کا فائدہ ہوگا، ورلڈکپ سے قبل یہ سیریز ہمارے لیے فائدہ مند ہوگی۔
ایک سوال پر سلمان علی آغا نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں پاکستان ٹیم درست ٹریک پر آچکی ہے لیکن اس میں بہتری کی ابھی بھی ضرورت ہے، جہاں لوگ اور ہم دیکھنا چاہتے ہیں وہاں جلد پاکستان ٹیم پہنچ جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ تین چار ماہ پاکستان کی کرکٹ بہت ہے، خود کو فریش رکھنے کے لیے لیگز میں نہیں جارہا، آپ ٹیم کے کپتان ہوں اور دباؤ نہ ہو ایسا ہو نہیں سکتا، مجھے دباؤ کی وجہ سے مسئلہ ہوا، اب کپتانی اور بیٹنگ کو ساتھ لے کر چلنا سیکھ لیا ہے۔
سلمان آغا نے مزید کہا کہ بابر اعظم کو میں نے ہمیشہ دوست کی حیثیت سے دیکھا ہے، میں نے کبھی انہیں بڑے بیٹر سے نہیں دیکھا، بابر اعظم اور میں ہمیشہ دوست کی حیثیت سے بات کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: پی ٹی اے نے پی ٹی سی ایل کو ٹیلی نار پاکستان کے حصول کیلئے این او سی جاری کر دیا















