اہم خبریں

تعلیمی اداروں کیلئے نئے احکامات آگئے

لاہور ( اے بی این نیوز   ) پنجاب حکومت نے سرکاری اسکولوں میں مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس کی تعلیم دینے کا بڑا قدم اٹھا لیا ہے، جس کا مقصد نئی نسل کو مستقبل کی ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ صوبے بھر میں جدید اے آئی اور روبوٹکس لیبز قائم کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

لاہور سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق سرکاری اسکولوں کے طلبا اب صرف نصابی تعلیم تک محدود نہیں رہیں گے۔ انہیں روبوٹس بنانے، پروگرامنگ اور مصنوعی ذہانت کے عملی استعمال کی تربیت بھی دی جائے گی، تاکہ وہ عالمی معیار کے جدید ہنر سیکھ سکیں۔

حکومت نے پہلے مرحلے میں چند اسکولوں میں پائلٹ پروجیکٹ مکمل کیا، جس کے کامیاب نتائج کے بعد پورے صوبے میں لیبز کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ محکمہ تعلیم پنجاب نے اس اقدام کو طلبا کی تخلیقی سوچ، مسئلہ حل کرنے کی مہارت اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق عملی سمجھ بوجھ کے لیے انتہائی اہم قرار دیا ہے۔

اسٹیم لیب کی ماسٹر ٹرینر مریم فاطمہ کے مطابق اس پروگرام کا مقصد بچوں کو ایسے ہنر دینا ہے جو نہ صرف مستقبل کے روزگار کے مواقع کے لیے ضروری ہیں بلکہ انہیں صرف ٹیکنالوجی استعمال کرنے کے بجائے خود ٹیکنالوجی بنانے کے قابل بھی بنائیں گے۔یہ فیصلہ پنجاب میں تعلیمی اصلاحات کے بڑے اقدامات میں سے ایک سمجھا جا رہا ہے، جو ملک میں ٹیکنالوجی پر مبنی تعلیمی ماحول کی بنیاد رکھنے کی طرف اہم پیش رفت ہے۔

مزید پڑھیں :پی ٹی آئی کھل کر آگئی ، تمام کٹھا چٹھا کھول دیا،نیا بیانیہ آگیا،جا نئے کیا

متعلقہ خبریں