کراچی (اے بی این نیوز)مینجمنٹ ایسوسی ایشن آف پاکستان (MAP) نے کراچی کے مقامی ہوٹل پرل کانٹی نینٹل میں 40ویں کارپوریٹ ایکسیلینس ایوارڈز کا انعقاد کیا، جس میں گزشتہ چار دہائیوں سے ملکی کارپوریٹ سیکٹر میں بہترین کارکردگی، اچھی حکمرانی اور موثر منیجمنٹ پریکٹسز کے فروغ کا جشن منایا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی صوبہ سندھ کے وزیر محنت، انسانی وسائل و سماجی تحفظ سعید غنی تھے، جنہوں نے صنعتی اور مالیاتی شعبوں کی نمایاں کارکردگی دکھانے والی کمپنیوں کو ایوارڈز پیش کیے۔ وہ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کی نمائندگی کر رہے تھے جو اسلام آباد میں این ایف سی اجلاس میں مصروف تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے MAP کے صدر سینیٹر سرمد علی نے کہا کہ 40واں کارپوریٹ ایکسیلینس ایوارڈ ایسوسی ایشن کی تاریخ میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ MAP 1964 سے پاکستان میں منیجمنٹ ایکسیلینس کے فروغ کے لیے سرگرم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں کارپوریٹ ایکسیلینس کے لیے تیزی سے بدلتے حالات کے مطابق لچک، ٹیکنالوجی کا ادراک اور مضبوط گورننس بنیادی تقاضے بن چکے ہیں۔ MAP ان شعبوں میں پیشہ ورانہ تربیت، معلومات کے تبادلے اور صلاحیتوں کے فروغ کے لیے اپنا کردار مزید مضبوط کرے گا۔
صدر MAP نے حکومتِ سندھ خصوصاً وزیراعلیٰ سندھ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ہمیشہ ایسوسی ایشن کی کوششوں کا ساتھ دیا۔ انہوں نے ایوارڈز کے شفاف اور معیاری عمل کو یقینی بنانے پر اسپانسرز اور ایویلیوایشن پارٹنر *فیمکو ایسوسی ایٹس* کے کردار کو بھی سراہا۔
مزید پڑھیں :سہیل آفریدی کا اہم فیصلہ















