اہم خبریں

سعودی عرب ،ریاض میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق کے اعزاز میں بینک اسلامی کے زیراہتمام اعلیٰ سطح کا عشائیہ

ریاض (اے بی این نیوز) ریاض میں بینک اسلامی کے زیراہتمام ہونے والے اعلی سطحی عشائیے میں سعودی عرب اور پاکستان کے دیرینہ تعلقات کو ایک بار پھر نمایاں انداز میں سراہا گیا۔ یہ تقریب پاکستان کے سفیر احمد فاروق کے اعزاز میں رکھی گئی، جس میں سعودی سول سوسائٹی کے نمائندوں اور ر یاض میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔
گفتگو کے دوران سفیر احمد فاروق نے دونوں ممالک کے درمیان تقریباً آٹھ دہائیوں پر محیط اعتماد، اسٹریٹجک ہم آہنگی اور مشترکہ اسلامی اصولوں پر مبنی تعلقات کو پاکستان–سعودی شراکت داری کی مضبوط بنیاد قرار دیا۔ انہوں نے سعودی عرب میں پاکستانی برادری کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا، جو عوامی سطح پر دونوں ملکوں کے تعلقات مضبوط بنانے میں مسلسل کردار ادا کر رہی ہے۔

تقریب کے شرکاء نے سفیر احمد فاروق کی سفارتی کوششوں اور پاکستانی سفارت خانے کی معاونت کو قابل تعریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت نے دوطرفہ تعلقات میں تازہ توانائی پیدا کی ہے۔بینک اسلامی کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر عمران ایچ شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ سعودی وژن 2030 شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دور اندیش قیادت کا عملی مظہر ہے، جو عالمی سطح پر ایک قابل تقلید ماڈل بنتا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ بینک اسلامی عالمی سطح پر شریعت کے مطابق بینکاری کو جدید انداز میں فروغ دینے اور دنیا بھر کی کمیونٹیز کے لیے حقیقی قدر تخلیق کرنے کے لیے سرگرم ہے۔

ڈائیلاگ کے اختتام پر شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تعاون کو مزید وسیع کرنے، معاشی و سماجی روابط کو گہرا کرنے اور دونوں ملکوں کے درمیان مستقبل کی ترقیاتی شراکت داری کو نئی سطح تک لے جانے کی ضرورت ہے۔ بینک اسلامی نے سود سے پاک اسلامی فنانسنگ پھیلانے اور کمیونٹی سطح پر مثبت کردار ادا کرنے کے اپنے عزم کی تجدید بھی کی۔

مزید پڑھیں :ذہنی مریض بیانیہ تخلیق کرتا ہے اور بھارت اس کا سب سے بڑا سہولت کار ہے،ڈی جی آئی ایس پی آر

متعلقہ خبریں