اسلام آبا د(رضوان عباسی )پاکستانی وزارت خارجہ نے نیویارک میں ہونے والے ایک مبینہ دہشت گرد حملے کے ملزم، 25 سالہ لقمان خان کی پاکستانی شہریت سے متعلق تمام میڈیا رپورٹس کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے کہا کہ لقمان خان نہ تو پاکستانی شہری ہے اور نہ ہی پاکستانی النسل۔
ترجمان کے مطابق، لقمان خان افغانستان میں پیدا ہوا تھا اور بچپن میں اپنے خاندان کے ساتھ پاکستان کے ایک مہاجر کیمپ میں کچھ سال گزارے۔ وہ پناہ گزین کی حیثیت سے پاکستان میں محض چند سال رہا، لیکن پاکستانی شہریت نہیں رکھتا۔ بعد ازاں، وہ امریکہ منتقل ہو گیا جہاں اس نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ گزارا۔
طاہر اندرابی نے مزید وضاحت کی کہ لقمان خان کے پاس صرف افغان اور امریکی شہریت ہے، اور پاکستان کا اس شخص سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ میڈیا میں یہ غلط تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ وہ پاکستانی شہری ہے، جو کہ بالکل بے بنیاد اور جھوٹ ہے۔
پاکستانی وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ کوششیں دراصل پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ پھیلانے کی سازش کا حصہ ہیں، جو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ پاکستان نے عالمی برادری سے ایک بار پھر مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حقائق کو مدنظر رکھا جائے اور کسی ملک کو بلاوجہ الزام نہ دیا جائے۔
دفتر خارجہ نے متعلقہ سفارت خانوں اور عالمی اداروں کو بھی لقمان خان کی اصل شہریت اور پس منظر کی مکمل تفصیلات فراہم کر دی ہیں۔
مزید پڑھیں۔سولر استعمال کرنے والوں کے لئے حکومت سے دس ہزار روپے حاصل کرنے کا موقع!















