اہم خبریں

قائد اعظم کے نواسے کی پوتی ایلا واڈیا کا عالمی فیشن ایونٹ میں شاندار ڈیبیو

پیرس(اے بی این نیوز)پیرس میں منعقد ہونے والے شاندار ڈیبوٹنٹ بال میں پاکستان کے بانی قائد اعظم محمد علی جناح کے نواسے کی پوتی ایلا واڈیا نے پہلی بار شرکت کرتے ہوئے اپنی موجودگی سے سب کی توجہ حاصل کرلی۔

یہ شاندار تقریب ہر سال پیرس کے ایک ہوٹل میں منعقد ہوتی ہے، جو کبھی پرنس رولینڈ بوناپارٹ کی رہائش گاہ تھا۔

لی بال میں دنیا کے ممتاز خاندانوں کی 21 سال سے کم عمر کی صرف 20 خواتین کو مدعو کیا جاتا ہے، اس سال حقیقی شہزادیوں، ارب پتی خاندانوں، ہولی وڈ شخصیات اور ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کے درمیان ایلا واڈیا کی شرکت نے سب کی توجہ حاصل کرلی۔

ایلا واڈیا کی بال میں موجودگی فوراً ان کے خاندانی نسب کی وجہ سے توجہ کا مرکز بنی، وہ قائد اعظم محمد علی جناح کی اکلوتی بیٹی دینا واڈیا کے ذریعے ان سے تعلق رکھتی ہیں، جنہوں نے معروف پارسی واڈیا صنعتی خاندان کے نیویل واڈیا سے شادی کی تھی، ایک ایسی شادی جس نے تاریخی طور پر ان کے والد کے ساتھ تعلق کو متاثر کیا۔

دینا اور نیویل کا بیٹا نسلی واڈیا بھارتی کاروباری دنیا میں ایک اہم شخصیت اور واڈیا گروپ کے چیئرمین ہیں، جن کے دو بیٹے جہانگیر واڈیا اور نس واڈیا ہیں اور ایلا واڈیا، جہانگیر واڈیا اور فیشن ڈیزائنر سیلینا واڈیا کی بیٹی ہیں۔

پہلے کرلین بال کے نام سے جانی جانے والی لی بال 1958 سے منعقد ہو رہی ہے اور معاشرے کی فیشن آئیکونز کے لیے ایک انتہائی دلکش ملاقات کا مقام بن چکی ہے، یہ تقریب تھینکس گیونگ کے اختتام پر منعقد ہوتی ہے، جس میں خواتین انتہائی قیمتی کوٹور گاؤنز پہن کر جھومتی ہیں، جو عموماً 50 ہزار سے 10 لاکھ ڈالر کی قیمت رکھتے ہیں اور ایفل ٹاور کے منظر والے بالکونیز پر ٹک ٹاک ویڈیوز بھی بناتی ہیں۔

ماضی میں اس بال میں مارگریٹ کوالی، للی کولنز، لوری ہاروی، آوا فلیپ، اسکاؤٹ اور ٹلولہ ولس بھی شرکت کرچکی ہیں۔

لی بال کی ماسٹر مائنڈ ایونٹ پلانر اوفیلی رینوآرڈ کے مطابق اس بال کا مقصد نوجوان خواتین کو شادی کے لیے پیش کرنا نہیں بلکہ یہ ایک جشن ہے جو لڑکیوں، ان کے انداز، دوستیوں اور ایک رات کی پریوں کی کہانی پر مرکوز ہے۔

کاؤنٹس لارا کوسیما ہنکل وون ڈونرزمارک نے 2023 میں کہا تھا کہ لی بال نوجوانوں کے لیے میٹ گالا ہے۔

اس سال ایلا واڈیا نے ایک منتخب گروپ میں شمولیت اختیار کی، جس میں کیرولائنا لینسنگ، ایزابیلی ڈورلینز، لیڈی آرمینٹا اسپینسر-چرچل، جلیان چان، یولالیا ڈے اورلینز-بوربون، المودینا ڈائلی ڈے اورلینز، روبی کیمپر، ایلس وانگ، یو جینیا آف ہوہنزلرن، برون وین وینس، ایلیزا لنڈروت اور دیگر شامل تھیں۔

ہر کسی نے ایک کوٹور ہاؤس کے ساتھ مل کر کوئی بھی رنگ مگر سیاہ یا سفید کے علاوہ اپنی مرضی کا گاؤن ڈیزائن کیا، جو اس ایونٹ کا واحد سخت فیشن اصول ہے۔

اوفیلی رینوآرڈ نے ہر ایڈیشن کی طرح بین الاقوامی ڈیبوٹنٹ خواتین کا متنوع انتخاب کیا، جس میں فیشن کا احساس، انفرادیت اور علمی قابلیت پر زور دیا گیا۔

مزید پڑھیں۔

متعلقہ خبریں