اہم خبریں

غزہ میں اسرائیلی میزائل حملہ، خیموں میں آگ لگ گئی

غزہ(اے بی این نیوز)غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے جاری ہیں۔ خان یونس میں میزائل حملے نے خیمہ بستی میں آگ لگا دی جس کے نتیجے میں دو بچوں سمیت پانچ فلسطینی شہید ہوگئے، جبکہ فریقین نے ایک دوسرے پر معاہدہ توڑنے کا الزام عائد کر دیا۔

عالمی میڈیا کے مطابق غزہ کے جنوبی علاقے خان یونس میں جمعرات کی صبح اسرائیلی میزائل حملے کے باعث خیمہ بستی میں آگ بھڑک اُٹھی۔ حملے میں دو بچوں سمیت پانچ فلسطینی شہید ہوگئے۔ مقامی افراد نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا اور مزید خیموں کو جلنے سے بچا لیا۔

الکویتی اسپتال کے طبی حکام کے مطابق اسپتال میں لائی گئی 5 لاشوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے جبکہ کچھ افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ خان یونس میں کیا گیا حملہ حماس کے ایک جنگجو کو نشانہ بنانے کے لیے تھا۔

دوسری جانب حماس کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی جنگ بندی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہے، اور اس کے نتائج کی تمام تر ذمہ داری اسرائیل پر عائد ہوگی۔

اطلاعات کے مطابق اسرائیل اور حماس کے درمیان 10 اکتوبر سے نافذ جنگ بندی کے بعد سے غزہ میں 350 سے زائد فلسطینی مختلف حملوں میں شہید ہو چکے ہیں۔ اگرچہ جنگ بندی کے بعد تشدد میں کچھ کمی آئی، تاہم اسرائیلی فضائی اور زمینی حملے وقفے وقفے سے جاری ہیں، جس سے علاقے میں کشیدگی اور بے چینی برقرار ہے۔

مزید پڑھیں۔بچے کے گٹر میں گرنے کا معاملہ، میئر کراچی نے معافی مانگ لی

متعلقہ خبریں