اہم خبریں

اقتدار کی کشمکش میں قومی ترجیحات پسِ پشت ڈال دی گئی ہیں،شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد ( اے بی این نیوز) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پارلیمنٹ میں قانون سازی عوامی نمائندوں کے فیصلوں کی بنیاد پر کی جاتی ہے، مگر حالیہ جاری ہونے والی رپورٹ نے حکومت، عدلیہ اور احتسابی اداروں کی کارکردگی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ ان کے مطابق ایف بی آر کے بارے میں رپورٹ نے مکمل چارج شیٹ پیش کر دی ہے، جبکہ حکومت ابھی تک اس پر کوئی واضح جواب دینے میں ناکام ہے۔

سابق وزیراعظم نے خبردار کیا کہ اگر ان نشاندہیوں کو سنجیدگی سے نہ لیا گیا تو حالات مزید بگڑ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اور دیگر عالمی اداروں کی رپورٹس ملک کی گورننس پر بڑا سوالیہ نشان ہیں۔ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ فی کس آمدنی میں 14 فیصد کی کمی انتہائی تشویشناک ہے، اور ہر پاکستانی اس سال مزید غریب ہوا ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نواز شریف کی طویل خاموشی ختم ہونے کے باوجود حالات میں واضح بہتری سامنے نہیں آ رہی۔ ان کے مطابق اس وقت مریم نواز یا شہباز شریف کی تعریفیں کرنے کا وقت نہیں، کیونکہ زمینی حقائق معیشت کی کمزور پوزیشن ظاہر کر رہے ہیں۔ انہوں نے روزگار اور گورننس کے اعدادوشمار کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے بتایا کہ ملک میں ایک کروڑ 80 لاکھ نوجوان بےروزگار بیٹھے ہیں، جب کہ انڈر ایمپلائمنٹ خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے، جس کے باعث نوجوان اپنی قابلیت سے کم تر نوکریاں کرنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ حکومت کا بنیادی کام روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے، نہ کہ صرف ٹیکس بڑھانا۔ ان کے مطابق پالیسی سے معیشت چلتی ہے، محض ریونیو بڑھانے سے نہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کم ٹرن آؤٹ حالیہ انتخابات پر عوامی عدم اعتماد کی علامت ہے، جبکہ ایک بڑی سیاسی جماعت کے بائیکاٹ نے الیکشن کو یکطرفہ بنا دیا۔وہ اے بی این کے پروگرام سوال سے آگےمیں گفتگو کررہے تھے انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی بیرونِ ملک ہجرت پر بات کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے بتایا کہ بہتر مستقبل کی تلاش میں ملک چھوڑنے والوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، اور ایئرپورٹ پر نوجوانوں کو روکے جانے کے واقعات نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت اور اپوزیشن کو مل بیٹھ کر معیشت کے لیے مشترکہ پالیسی بنانا ہوگی، ورنہ حالات مزید خراب ہوں گے۔ اقتدار کی کشمکش میں قومی ترجیحات پسِ پشت ڈال دی گئی ہیں، جبکہ وقت کا تقاضا ہے کہ سیاست سے زیادہ معیشت پر توجہ دی جائے۔

مزید پڑھیں :دسمبر میں اہم پیش رفت سامنے آئے گی، شیخ وقاص اکرم

متعلقہ خبریں